مغربی بنگال بی جے پی صدر نے کہا، لوک سبھا انتخاب جیتنے لائق خاطر خواہ امیدوار نہیں

05:12 PM Mar 18, 2019 | دی وائر اسٹاف

مغربی بنگال کے بی جے پی صدر دلیپ گھوش نے کہا کہ ریاست میں پارٹی کے پاس لوک سبھا انتخاب لڑنے اور جیتنے لائق امیدواروں کی کمی ہے۔ بی جے پی صدر امت شاہ نے ریاست کی 42 لوک سبھا سیٹوں میں سے 23 جیتنے کا ہدف طے کیا ہے۔

مغربی بنگال بی جے پی صدر دلیپ گھوش (فوٹو بشکریہ : ٹوئٹر / DilipGhoshBJP@)

نئی دہلی: مغربی بنگال میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے پاس لوک سبھا انتخاب جیتنے لائق امیدوار نہیں ہیں۔ ایسا مغربی بنگال بی جے پی صدر دلیپ گھوش کا کہنا ہے۔این ڈی ٹی وی کی خبر کے مطابق؛ ان کا ماننا ہے کہ ریاست میں بی جے پی کے پاس لوک سبھا انتخاب  لڑنے اور جیتنے لائق امیدواروں کی کمی ہے۔گھوش نے کہا، ‘ ہمارے پاس رہنما اور کارکن ہیں، جو کڑی محنت کر رہے ہیں۔ ہم نے ان کو پنچایت اور اسمبلی انتخاب میں ٹکٹ دیا تھا، لیکن لوک سبھا انتخاب لڑنے لائق ہمارے پاس امیدوار نہیں ہیں، جو انتخاب جیت سکیں۔ ‘

حال ہی میں دیگر جماعتوں سے بی جے پی میں شامل ہونے اور برتری پانے والے رہنماؤں کے متعلق پارٹی رہنماؤں میں ناراضگی کو لےکر پوچھے گئے سوال پر گھوش نے کہا، ‘ ہماری پارٹی میں ایسی کوئی چیز نہیں ہے۔ اگر کوئی آنا چاہتا ہے اور ترقی کے لئے پارٹی میں جڑنا چاہتا ہے تو ہم کیسے ان کو روک سکتے ہیں؟ ‘

ان کا یہ بیان جمعرات کو ترنمول کانگریس پارٹی کے ایم ایل اے ارجن سنگھ کے بی جے پی میں شامل ہونے کے بعد آیا ہے۔ پچھلے کچھ وقت میں ٹی ایم سی، کانگریس اور سی پی آئی (ایم) کے رہنماؤں نے بھارتیہ جنتا پارٹی کا ہاتھ تھاما ہے۔آؤٹ لک کے مطابق؛ گھوش نے کہا، ‘ حزب مخالف جماعتوں کے رہنما ہمارے ساتھ ہیں اور دیگر رہنما بھی تیزی سے جڑ رہے ہیں۔ آنے والے دنوں میں یہ تعداد اور بڑھے‌گی۔ لوک سبھا انتخاب کے ہمارے امیدواروں کی فہرست کاکچھ دنوں میں اعلان کیا جائے‌گا۔ ‘

گھوش نے یہ بھی کہا کہ بی جے پی کے ٹکٹ پر لوک سبھا انتخاب لڑنے کے لئے پارٹی کو بنگال سے 350 سے زیادہ درخواست ملی ہیں۔انہوں نے کہا، ‘ ہماری پارٹی کے تقریباً 50 رہنما ممکنہ امیدوار ہیں اس لئے 400 سے زیادہ نام ہیں۔ ہم ہر سیٹ کے لئے تین-چار ناموں کو چھانٹیں‌گے اور پارٹی کے پارلیامانی بورڈ کو بھیجیں‌گے۔ آخری فیصلہ ان کے ذریعے لیا جائے‌گا۔ ‘

حال ہی میں ترنمول کانگریس سے مغربی بنگال کے دو موجودہ ایم ایل اے اور نکالے  ہوئے رکن پارلیامان انوپم ہاجرہ بی جے پی میں شامل ہوئے تھے۔ ہاجرہ نے 2014 کے لوک سبھا انتخاب میں مغربی بنگال کے بولپور سے جیت درج کی تھی۔ترنمول کانگریس نے پارٹی مخالف سرگرمیوں کی وجہ سے ہاجرہ کو جنوری 2019 میں نکال دیا تھا۔ ٹی ایم سی صدر اور وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے بی جے پی میں شامل ہوئے ان رہنماؤں کو غدار قرار دیا ہے۔

ان کے علاوہ بگدا سے کانگریس ایم ایل اے دلال چند ربر اور حبیب پور سے سی پی ایم، ایم ایل اے کھگین مرمو بھی بی جے پی میں شامل ہوئے تھے۔غور طلب ہے کہ پارٹی کے قومی صدر امت شاہ  نے ریاست کی 42 لوک سبھا سیٹوں میں سے 23 جیتنے کا ہدف طے کیا ہے۔