ووڈافون آئیڈیا نے موبائل خدمات کو 42 فیصد تک اور ایئرٹیل نے 50.10 فیصد تک مہنگا کیا ہے۔ ان دونوں کمپنیوں کی ترمیم شدہ شرحیں 3 دسمبر سے نافذ ہو ں گی۔
نئی دہلی: ووڈافون-آئیڈیا اور ایئرٹیل کے پری پیڈ صارفین کی جیب پر تین دسمبر سے اضافی بوجھ پڑنے والا ہے۔ دونوں کمپنیوں نے پری پیڈ موبائل خدمات کی شرح 50 فیصد تک بڑھانے کا اتوار کو اعلان کیا، جو تقریباً چار سالوں میں پہلا اضافہ ہے۔ ٹیلی کام سروس فراہم کنندگان نے دسمبر کے شروع میں شرح بڑھانے کا اعلان پہلے ہی کر رکھا تھا۔ ان دونوں کمپنیوں نے اتوار کو الگ الگ بیان جاری کرکے اپنے مختلف پلان کی بڑھی ہوئی شرحوں کی جانکاری دی۔
ووڈافون آئیڈیا نے صرف ان لمیٹڈ ڈیٹا اور کالنگ کی سہولت والے پری پیڈ پلان کی شرح بڑھائی ہے۔ ایئرٹیل نے محدود ڈیٹا اور کالنگ والے پلان کی فیس میں بھی ترمیم کی ہے۔ ووڈافون آئیڈیا کی ریلیز کے مطابق، اس نے سب سے زیادہ 41.2 فیصد کا اضافہ سالانہ پلان میں کیا ہے۔ اس کے اس پلان کی شرح 1699 روپے سے بڑھ کر 2399 روپے ہو گئی ہے۔
اسی طرح روزانہ ڈیڑھ جی بی ڈیٹا کی پیشکش کے ساتھ 84 دن کی ویلڈٹی والے پلان کی شرح 458 روپے سے 31 فیصد بڑھاکر 599 روپے کر دی گئی ہے۔ کمپنی کا 199 روپے والا پلان اب 249 روپے کا ہو جائےگا۔ کمپنی نے اس کے ساتھ ہی دیگر نیٹورک پرآؤٹ گوئنگ کال کرنے پر چھے پیسے فی منٹ کی در سے فیس بڑھانےکابھی اعلان کیا ہے۔ ایئرٹیل نے سالانہ پلان کو 41.14 فیصد بڑھاکر 1699 روپے کی جگہ 2398 روپے کا کر دیا ہے۔
کمپنی کا لمیٹڈ ڈیٹا والا سالانہ پلان اب 998 روپے کی جگہ تین تاریخ سے 1498 روپے کا ہو جائےگا۔ اس پلان کی شرح میں یہ 50.10 فیصد کا اضافہ ہے۔ اسی طرح ایئرٹیل نے 82 دن کی ویلڈٹی کے ساتھ غیر ان لمیٹڈ ڈیٹا والے پلان کو 499 روپے سے 39.87 فیصد بڑھاکر 698 روپے اور لمیٹڈ ڈیٹا کر دیا ہے۔
کمپنی کے 82 دن کی ویلڈٹی والے پلان کی شرح 33.48 فیصد مہنگی ہو گئی ہے۔ اس کی شرح اب 448 روپے سے بڑھاکر 598 روپے کر دی گئی ہے۔ ان دونوں پلان کی ویلڈٹی اب 82 دن کی جگہ 84 دن ہوگی۔ کمپنی نے 28 دن کی ویلڈٹی والے مختلف پلان کی شرحوں میں 14 روپے سے لےکر 79 روپے تک کا اضافہ کیا ہے۔
ووڈافون آئیڈیا اور ایئرٹیل کے ساتھ-ساتھ ریلائنس جیو نے بھی موبائل خدمات کی بڑھی ہوئی شرحوں کا اتوار کو اعلان کیا۔ جیو کی نئی شرح چھ دسمبر سے نافذ ہوگی اور 40 فیصد تک مہنگی ہوگی۔ کمپنی نے ایک بیان میں کہا کہ وہ صارفین-اول کے اپنے اصولوں پر ٹکی ہوئی ہے۔ کمپنی نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ فیس 40 فیصد تک بڑھانے کے ساتھ 300 فیصد تک زیادہ فائدے بھی دےگی۔
کمپنی نے کہا کہ وہ ہندوستانی ٹیلی کام انڈسٹری کو مستحکم اور قائم رکھنے کے لئے تمام ضروری قدم اٹھائے گی۔ اس نے کہا کہ وہ ٹیلی کام سروسز کی فیس میں ترمیم کو لےکر حکومت کے ساتھ مشاورت کے عمل میں تعاون کرتی رہےگی۔ ریلائنس جیو نے ووڈافون آئیڈیا اور ایئرٹیل کے ذریعے بڑھائی گئی شرحوں کے اعلان کے بعد بیان جاری کیا۔
(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)