اداکار ویجو کھوٹے نے 300 سے زیادہ ہندی اور مراٹھی فلموں میں کام کیا تھا۔ فلم ’ شعلے ‘ میں کالیا اور ’ انداز اپنا-اپنا ‘میں رابرٹ کا کردار نبھانے کے لئے ان کو جانا جاتا ہے۔
نئی دہلی: ہندی اور مراٹھی فلموں کے جانے-مانے اداکار ویجو کھوٹے کا سوموار کو انتقال ہو گیا۔ وہ 77 سال کے تھے۔ ان کے جسم کے کئی اعضاء نے کام کرنا بند کر دیا تھا۔ انھوں نے اپنے گھر پر ہی آخری سانس لی۔ ویجو کھوٹے کو فلم ‘ شعلے ‘ میں ‘ کالیا ‘ اور ‘ انداز اپنا-اپنا ‘ میں ‘ رابرٹ ‘ کے یادگار کرداروں کے لئے جانا جاتا ہے۔
‘شعلے’ میں گبر سنگھ کا کردار اداکرنے والے امجد خان جب ان سے پوچھتے ہیں ، تیرا کیا ہوگا کالیا…؟ تو کالیا بنے ویجو سکپکاتے ہوئے کہتے ہیں، ‘ سردار میں نے آپ کا نمک کھایا ہے سردار۔ ‘ اس پر گبر کہتا ہے، ‘… تو اب گولی کھا۔ ‘ اس کے علاوہ فلم ‘ انداز اپنا-اپنا ‘ میں رابرٹ کے کردار میں ان کا ایک اور ڈائیلاگ کافی مشہور ہوا، ‘ غلطی سے مسٹیک ہو گیا۔ ‘
یہ دونوں ڈائیلاگ ہندوستانی سینما کی تاریخ کے کچھ مشہور ڈائیلاگ میں سے ایک ہیں اور آج بھی سینما کے شائقین کے ذہن میں تازہ ہیں۔ اداکار کی بھانجی اور اداکارہ بھاؤنا بلساور نے بتایا، ‘ انہوں نے اپنے گھر پر صبح قریب چھے بجکر 55 منٹ پر نیند میں ہی آخری سانس لی۔ وہ کچھ عرصہ سے بیمار چل رہے تھے۔ ان کے کئی اعضاء نے کام کرنا بند کر دیا تھا۔ ‘
انہوں نے کہا، ‘ وہ ہاسپٹل میں آخری سانس نہیں لینا چاہتے تھے اس لئے ہم کچھ دن پہلے ان کو گھر لے آئے تھے۔ یہ ہمارے لئے ایک بڑا نقصان ہے۔ ‘
‘ چندن واڑی ‘ میں ان کی آخری رسومات ادا کی جائےگی۔ وہ اداکارہ شوبھا کھوٹے کے چھوٹے بھائی تھے۔ ان کے والد نندو کھوٹے خاموش فلموں کے مشہور اداکار رہے ہیں۔ نندو کھوٹے کی بھابھی درگا کھوٹے بھی اداکارہ تھیں۔
کھوٹے کو فلم قیامت سے قیامت تک (1988)، مراٹھی فلم وینٹی لیٹر (2016) اور ٹی وی شو زبان سنبھالکے (1993) میں بہترین اداکاری کے لئے بھی سراہا گیا۔ سال 1964 میں فلم ‘ یا ملک ‘ سے سلور اسکرین پر دستک دینے کے بعد ویجو ‘ شعلے ‘، ‘ قربانی ‘، ‘ قرض ‘، ‘ نگینہ ‘، ‘ قیامت سے قیامت تک ‘ اور ‘ انداز اپنا-اپنا ‘ جیسی فلموں میں نظر آئے تھے۔
90 کی دہائی میں آیا ان کا ٹی وی شو ‘ زبان سنبھالکے ‘ برٹش شو مائنڈ یور لینگویج پر مبنی تھا۔ ویجو کھوٹے نے 300 سے زیادہ ہندی اور مراٹھی فلموں میں کام کیا تھا۔ وہ ابھی تک مراٹھی تھیٹر میں فعال تھے۔
فلموں میں آخری بار ان کو سال 2018 میں ‘ جانے کیوں دے یاروں ‘ میں دیکھا گیا۔ حال کی ان کی کچھ فلموں میں گول مال 3 (2010)، اتتھی تم کب جاؤگے (2010) اور عجب پریم کی غضب کہانی (2009) وغیرہ شامل ہیں۔
(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)