اتر پردیش سرکار نے گزشتہ سال مئی میں چھ مہینے کی مدت کے لیے ای ایس ایم اے نافذ کیا تھا۔ بعد میں نومبر 2020 میں اس کے اہتماموں کو اور چھ مہینے کے لیے بڑھا دیا گیا تھا۔
نئی دہلی : اتر پردیش سرکار نے سرکاری ،نیم سرکاری اور کسی مقامی اتھارٹی کے تحت کام کرنے والےملازمین کے ہڑتال کرنے پر پابندی کو چھ ماہ کے لیے اور بڑھا دیا ہے۔ پچھلی بار یہ پابندی 25 نومبر، 2020 کو لگائی گئی تھی۔
پرسنل ڈپارٹمنٹ کے ایڈیشنل چیف سکریٹری مکل سنگھل نے جمعرات کو ایک بیان میں کہا کہ سرکار نے اتر پردیش ارجنٹ سروسز مینٹینسس ایکٹ ،1966 کے تحت اپنے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے ہڑتال پر اور چھ مہینے کی مدت کے لیے پابندی لگا دی ہے۔
بیان کے مطابق، اس سلسلے میں ضروری آرڈر25 مئی کو جاری کر دیےگئے ہیں۔
سنگھل نے بتایا کہ صوبے کے کاموں سے متعلق کسی عوامی خدمت، ریاستی سرکار کےمالکانہ اورکنٹرول کے تحت خدمات اور کسی مقامی اتھارٹی کے تحت کسی خدمت کے ملازمین کے لیے ہڑتال پر پابندی لگادی گئی ہے۔
نیوز18کے مطابق، کورونا مہاماری کی تیسری انفیکشن کو دیکھتے ہوئے صوبے کی یوگی سرکار نے ضروری خدمات بحالی قانون 1966 ای ایس ایم اے کی مدت کو بڑھا دیا ہے۔
ایڈیشنل چیف سکریٹری مکل سنگھل (پرسنل)کے مطابق، سرکار نے فی الحال چھ مہینے کے لیے ای ایس ایم ا ےلگایا ہے۔ ضرورت پڑنے پر اسے آگے بھی بڑھایا جا سکتا ہے۔ وہیں حالات ٹھیک ہوتے دیکھ اسے چھ مہینے سے پہلے واپس بھی لیا جا سکتا ہے۔
بتایا جا رہا ہے کہ کئی محکمےاپنی مانگوں کو لےکر ہڑتال پر جانے کی تیاری کر رہے تھے۔ ایسے میں ملازمین کو اب چھ مہینے تک ہڑتال کی اجازت نہیں ہوگی۔ جو ملازمین احکامات کی خلاف ورزی کریں گے ان کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔
یہ ایکٹ پولیس کو اس کے اہتماموں کی خلاف ورزی کرنے پر کسی کو بھی بنا وارنٹ کے گرفتار کرنے کا حق دیتی ہے۔ای ایس ایم اے ایک ایسا ایکٹ ہے جسے کوئی بھی سرکار اپنے اپنے صوبوں میں نافذ کر سکتی ہے تاکہ ہڑتالی ملازمین کو کچھ ضروری خدمات پر کام کرنے سے منع کر دیا جا سکے جو ملک میں عام زندگی کو بنائے رکھنے کے لیے ضروری اور اہم ہیں۔
ای ایس ایم اے،1966 کے تحت کسی بھی شخص کو ایک مدت کے لیے جیل کی سزا ہو سکتی ہے، جسے ایک سال تک بڑھایا جا سکتا ہے اور 1000 روپے کا جرمانہ یا دونوں ہوسکتے ہیں۔اتر پردیش سرکار نے شروع میں صوبے میں پچھلے سال مئی میں چھ مہینے کی مدت کے لیے ای ایس ایم اے نافذ کیا تھا۔ بعد میں اس نے 25 نومبر، 2020 کے اہتماموں کو اور چھ مہینے کے لیے بڑھا دیا۔
(خبررساں ایجنسی بھاشاکے ان پٹ کے ساتھ)