آدتیہ ناتھ حکومت کا یہ فیصلہ عدالت کے آخری حکم کے تحت ہوگا۔ اگر عدالت ان کو ایس سی میں شامل کرنے کی اجازت نہیں دیتی، تو ان کو اس دائرے سے باہر کر دیا جائےگا۔
اتر پردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ (فوٹو : پی ٹی آئی)
نئی دہلی: اتر پردیش کی یوگی آدتیہ ناتھ حکومت نے 17 او بی سی کمیونٹی کو شیڈیول کاسٹ(ایس سی) میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
نوبھارت ٹائمس کی رپورٹ کے مطابق، ریاست کے سماجی فلاح و بہبود محکمہ کے ذریعے جاری کئے گئے حکم میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ عدالت کے آخری حکم کے ماتحت ہوگا۔اگر عدالت کا آخری فیصلہ ان کوایس سی میں شامل نہیں کرنے کا آتا ہے، تو پھر سے ان کو ایس سی کے دائرے سے باہر کر دیا جائےگا۔
جن 17 کمیونٹی کوایس سی میں شامل کرنے کی بات کہی گئی ہے، ان میں کہار ، کشیپ، کیوٹ ، ملاح، نشاد، کمہار، پرجاپتی، دھیور، بند، بھر، راج بھر، دھیمر، باتھم، تورہا، گوڈیہ، مانجھی اور مچھوا شامل ہیں۔ غور طلب ہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ جب ریاست میں پسماندہ کوایس سی میں شامل کرنے کی قواعد کی گئی ہے۔ اس سے پہلے جب اکھلیش یادو وزیراعلیٰ تھے، تب انہوں نے بھی ان او بی سی کمیونٹی کو ایس سی میں شامل کرنے کا حکم جاری کرایا تھا۔
یہ معاملہ عدالت پہنچا تھا اور کورٹ نے حکومت کے اس فیصلے پر روک لگا دی تھی۔ حالانکہ اس کے بعد ہوئی پی آئی ایل میں حکومت کی ان رپورٹس کو ہی بنیاد بنایا گیا تھا، جس کے تحت ایس سی میں ان کمیونٹی کو شامل کرنے کو کہا گیا تھا۔ان کی انتھروپولوجیکل رپورٹس اور کمیونٹی کی سماجی ساخت کی بنیاد پر عدالت نے تب لگائی گئی روک ہٹا دی ہے اور معاملے کی سماعت جاری رکھی ہے۔
عدالت کی روک ختم ہونے کے بعد ان کمیونٹی کو عدالت کے آخری فیصلے کے تحت ایس سی کا سرٹیفکیٹ جاری کرنے کا حکم دیاگیا ہے۔ اس حکم کی کاپی کو سارے کمشنر اور کلکٹروں کو بھیج دیا گیا ہے۔ان سے کہا گیا ہے کہ الٰہ آباد ہائی کورٹ میں دائر مفاد عامہ عرضی کے عبوری حکم پرعمل کیا جائے۔ ان کمیونٹی کو جانچ اور صحیح دستاویزوں کی بنیاد پر ایس سی کا سرٹیفکیٹ جاری کیا جائے۔ یہ سرٹیفکیٹ کورٹ کے آخری حکم کے ماتحت ہوگا۔