مرزا پور: مڈ ڈے میل میں نمک روٹی کھاتے بچوں کا ویڈیو بنانے والے صحافی کے خلاف کیس درج

06:37 PM Sep 02, 2019 | دی وائر اسٹاف

ایف آئی آر میں الزام لگایا گیا ہے کہ جان بوجھ کر منصوبہ بند طریقے سے  اور دھوکے سےویڈیو بنایا گیا اور اس کو وائرل کرتے ہوئے سرکاری کام میں رکاوٹ پیدا کی گئی ہے۔

فوٹو: بہ شکریہ ویڈیو گریب، ٹوئٹر

نئی دہلی:اتر پردیش کے مرزا پور ضلع کے ایک سرکاری اسکول میں مڈ ڈے میل میں بچوں کو نمک روٹی کھلائے جانے کا ویڈیو بنانے والے صحافی کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔دینک جاگرن کی رپورٹ کے مطابق،مرزاپور کے بلاک ایجوکیشن آفیسر پریم شنکر رام کے ذریعے تھانے میں تحریر دے کر الزام لگایا گیا ہے کہ یہ جان بوجھ کر ،منصوبہ بند طریقے سے اور دھوکہ سےویڈیو بنایا گیا اور اس کو وائرل کرتے ہوئے سرکاری کام میں رکاوٹ پیدا کی گئی ہے۔

پولیس نے ڈی ایم انوراگ پٹیل کی ہدایت کی بنیاد پر مقامی اخبار’جن سندیش ٹائمس’کے صحافی پون جیسوال، گرام پردھان راج کمار پال اور ایک نا معلوم کے خلاف معاملہ درج کیا گیا ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق،گاؤں کے پردھان راج کمار پال کے ایک ساتھی اور صحافی پون جیسوال نے مل کر نمک روٹی کھاتے بچوں کا ویڈیو بنا کر اس مبینہ سازش کو انجام دیا۔ ان لوگوں کے خلاف آئی پی سی کی دفعہ 120 بی، 186، 193 اور 420 کے تحت معاملہ درج کیا گیا ہے۔

غور طلب ہے کہ گزشتہ 23 اگست کو مرزاپور کے ایک سرکاری اسکول میں بچوں کو نمک روٹی کھلائے جانے کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تھا۔

کلاس ایک سے 8 ویں تک کی پڑھائی کرنے والے تقریباً 100 اسٹوڈنٹس کو مڈ ڈے میل کے طور پر روٹی اور نمک بانٹا گیا۔ ویڈیو میں بچے اسکول کے بر آمدے میں فرش پر بیٹھے ہیں اور وہ نمک کے ساتھ روٹیاں کھاتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔