یوپی: 23 بچوں کو قید کر نے والے کی پولیس کارروائی میں موت، بیوی کو لوگوں نے پیٹ پیٹ کر مار ڈالا

04:55 PM Jan 31, 2020 | دی وائر اسٹاف

سبھاش باتھم نام کے ایک شخص نے اپنی بچی کے برتھ ڈے کے بہانے بچوں کو اپنے گھر بلایا تھا اور گھر کے نیچے بنے بیسمینٹ میں ان بچوں کو رکھا تھا۔ ملزم قتل  کے الزام میں جیل میں بند تھا اور حال ہی میں ضمانت پر باہر آیا تھا۔

فوٹو: اے این آئی

نئی دہلی: اتر پردیش کے فرخ آباد ضلع کے محمدآباد کے کٹھریا گاؤں میں بچوں کو قید کرنے والے سبھاش باتھم کو اتر پردیش پولیس اور اے ٹی ایس کی ٹیم نے دیر رات مار گرایا اور سبھی بچوں کو اس کے گھر سے محفوظ نکال لیا گیا۔وہیں باتھم کی بیوی کو لوگوں نے پیٹ پیٹ کر مار ڈالا۔ این ڈی ٹی وی کے مطابق، اس معاملے میں کانپور کے آئی جی موہت اگروال نے کہا، ‘پولیس سے تصادم کے دوران خاتون (ملزم کی بیوی)نے بھاگنے کی کوشش کی اور جب اس کے شوہر(ملزم)نے گولی چلائی تو گاؤں کے لوگوں نے خاتون  کو اینٹ پتھر سے مارا پیٹا۔خاتون کوہاسپٹل بھیجا گیا، جوزخمی تھی اور اس کے سر سے خون نکل رہا تھا۔ اب یہ پوسٹ مارٹم سے پتہ چلے گا کہ اس کی موت کن وجہوں سے ہوئی۔’

وہیں ایڈیشنل چیف سکریٹری  اونیش اوستھی نے بتایا،‘سبھی بچوں کو محفوظ  باہر نکال لیا گیا ہے اور بچوں کوقید کرنے والے کو مار گرایا گیا ہے۔’قابل ذکر ہے کہ  سبھاش باتھم نام کے شخص نے برتھ ڈے کے بہانے تقریباً بیس بچوں کو اپنے گھر میں بلاکر قیدکر لیا تھا۔اس سے پہلے اے ڈی جی(نظم ونسق) پی وی راماشاستری نے بتایا کہ مکان میں تقریباً بیس بچہ قیدی بنائے گئے تھے۔ جس شخص نے قیدی بنایا تھا اس کے بارے میں جانکاری ملی ہے کہ وہ قتل  کے الزام میں جیل میں بند تھا اور حال ہی میں ضمانت پر باہر آیا تھا۔

اس معاملے پر وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے سینئرپولیس حکام کے ساتھ میٹنگ کر کےانہیں جائے واردات  پر رہنے کی ہدایت دی تھی۔

آئی جی کانپور زون موہت اگروال نے بتایا کہ اس شخص نے اپنی بچی کے برتھ ڈے کے بہانے بچوں کو اپنے گھر بلایا تھا اور گھر کے نیچے بنے بیسمینٹ میں ان بچوں کو رکھا تھا۔ اس نے مکان کے اندر سے چھ فائر بھی کئے۔ وہ مقامی ایم ایل اے سے بات کرنا چاہتا تھا، ایم ایل اے وہاں گئے لیکن اس نے ان سے بات نہیں کی۔ پولیس نے اس کے ایک رشتےدار کو بھی بات چیت کے لیے گھر کے قریب بھیجا لیکن اس نے رشتہ دار پر بھی گولی چلا دی جس سے وہ زخمی ہو گئے۔