شمال مغربی دہلی لوک سبھا سیٹ سے ٹکٹ نہ ملنے سے ناراض ادت راج نے بی جے پی چھوڑ دی ہے۔ ان کی جگہ ر ہنس راج ہنس کو اس سیٹ سے ٹکٹ دیا گیا ہے۔
نئی دہلی:لوک سبھا انتخابات 2019 کے لیے دہلی کی شمال مغربی سیٹ سے ٹکٹ نہ دیے جانے سے ناراض ایم پی ادت راج بدھ کو بی جے پی چھوڑ کر کانگریس میں شامل ہو گئے ہیں۔وہ کانگریس صدر راہل گاندھی کی موجودگی میں کانگریس میں شامل ہوئے۔ کانگریس میں شامل ہونے کے بعد ادت راج نے ٹوئٹ کر کہا،’آج میں کانگریس میں شامل ہوا۔راہل جی کا شکریہ۔’
انھوں نے کانگریس میں شامل ہونے سے پہلے ایک اور ٹوئٹ کر کہا تھا،’اگر مجھے پہلے بتا دیا گیا ہوتا تو اتنی تکلیف نہیں ہوتی۔پارٹی کو اتنی تکلیف کیوں کرنی پڑی کی پرچہ نامزدگی کے آخری دن ایک بجے نام کا اعلان کرنا پڑا۔پہلے کہہ دیتے تو مجھے کوئی تکلیف نہیں ہوتی۔کرائے دار ہوں بات مان لینا پڑتا۔’
بی جے پی نے دہلی کی شمال مغربی سیٹ سے ادت راج کو ٹکٹ نہ دے کر
گلوکار ہنس راج ہنس کو ٹکٹ دیا ہے۔ اس سے پہلے شمال مغربی دہلی سیٹ سے امیدوار نہ بنائے جانے کو لے کر ادت راج نے استعفیٰ دینے اور آزادانہ امیدوار کے طور پر کھڑا ہونے کی دھمکی دی تھی۔ادت راج نے منگل کی صبح ٹوئٹ کر کے کہا تھا،’میں انتظار کررہا ہوں ، اگر مجھے ٹکٹ نہیں دیا جاتا تو میں پارٹی کو الوداع کہہ دوں گا۔’
غور طلب ہے کہ دہلی کی شمال مغربی سیٹ سے بی جے پی امیدوار ادت راج نے فروری 2014 میں اپنی انڈین جسٹس پارٹی (آئی جے پی)کو بی جے پی میں تحلیل کردیا تھا ۔ادت راج بی جے پی کے ان 7 ایم پی میں سے ایک تھے جنھوں نے دہلی کی سبھی سیٹوں پر پارٹی کے لیے جیت حاصل کی تھی۔