مودی حکومت کے نو سال پورےہونے پر بی جے پی کی جانب سے چلائی جا رہی ایک مہم کے تحت ویلور میں وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ نئی پارلیامنٹ میں ‘سینگول’ کے لیے وزیر اعظم نریندر مودی کا شکریہ ادا کرنے کے لیےریاست کے لوگ وہاں سےآئندہ لوک سبھا انتخابات میں این ڈی اے کے 25 ایم پی منتخب کریں۔
وزیر داخلہ امت شاہ ویلور میں ایک عوامی ریلی میں چاندی کے ‘سینگول’ کے ساتھ۔ (فوٹو بہ شکریہ: Facebook/@amitshahofficial)
نئی دہلی: مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے اتوار کو تمل ناڈو کے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ نئے پارلیامنٹ ہاؤس میں ‘سینگول’ قائم کرنے کے لیے وزیر اعظم نریندر مودی کا شکریہ ادا کرنے کے لیے اگلے سال ہونے والے لوک سبھا انتخابات میں25 سے زائد نمائندوں منتخب کرکے پارلیامنٹ بھیجیں۔ ریاست میں لوک سبھا کی کل 39 سیٹیں ہیں۔
دی ہندو کے مطابق، شاہ مودی حکومت کے نو سال کی کامیابیوں کو اجاگر کرنے والی بی جے پی کی ایک ماہ تک چلنے والی مہم کے تحت ویلور میں ایک جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے۔
شاہ نے 2024 کے عام انتخابات میں مودی حکومت کی جیت کا دعویٰ کرتے ہوئےکہا، 2024 میں ایک بار پھر 300 سے زیادہ سیٹوں کے ساتھ نریندر مودی کی حکومت بننے والی ہے۔میں آپ سے اپیل کرنے آیا ہوں کہ آپ تمل ناڈو سے این ڈی اے کے 25 ساتھی ملک کی پارلیامنٹ میں سینگول کے لیے مودی جی کا شکریہ ادا کرنے کے لیے بھیج دیجیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 2024 میں این ڈی اے کے پچیس سے زیادہ ساتھی نئی کابینہ میں نریندر مودی کے ساتھ حلف لیں گے۔
انڈیا ٹوڈے کے مطابق، اسی تقریب میں نیو جسٹس پارٹی کے بانی اے سی شانموگم نے شاہ کو چاندی کا سینگول پیش کیا، جس کے ساتھ انہوں نے تصویریں کھنچوائیں۔
اسی جلسہ عام میں تمل ناڈو کے وزیر اعلی ایم کے اسٹالن کو مخاطب کرتے ہوئے شاہ نے کہا، ‘اسٹالن جی! آپ نے پوچھا تھاکہ مودی حکومت نے ریاست کے لیے کیا کیا، میں یہاں نو سال کا حساب دینے آیا ہوں۔ آپ کان کھول کر سن لو اور اگر ہمت ہے تو جواب دینا۔ آپ 2004 سے 2014 تک یو پی اے حکومت میں حصے دار تھے، آپ کےوزیر تھے،تب تمل ناڈو کو ‘ڈیولیشن فنڈ’ 95000 کروڑ روپے ملاتھا۔ دس سال کے اس 95 ہزار کروڑ روپے کو مودی جی نے 2,47 لاکھ کروڑ روپے کر دیا ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ مودی حکومت نے اپنے نو سالوں میں ریاست میں مختلف قومی شاہراہوں کے منصوبوں کے لیے58000کروڑ روپے دیے ہیں۔ انہوں نے مودی وندے بھارت ایکسپریس، چنئی ہوائی اڈے کے نئے ٹرمینل جیسے مختلف منصوبوں کو اپنی حکومت کی حصولیابی قرار دیا۔
مدورائی میں ایمس کی تعمیر میں تاخیر پر تنقید کا جواب دیتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہاکہ پچھلی یو پی اے حکومتوں کا حصہ ہونے کے بعد بھی ڈی ایم کے ریاست میں ایمس کی تعمیر میں کیوں ناکام رہی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایمس فی الحال ایک عارضی کیمپس میں چل رہا ہے اور نئے کیمپس کی تعمیر جلد شروع ہو جائے گی۔
انہوں نے کانگریس اور ڈی ایم کے کو نشانہ بناتے ہوئے انہیں ‘ٹو جی، تھری جی، فور جی’ پارٹیاں قرار دیا۔ انہوں نے کہا، ‘یہ کانگریس اور ڈی ایم کے ٹو جی، تھری جی اور فور جی پارٹیاں ہیں۔ میں ٹو جی کےکرپشن کی بات نہیں کر رہا ہوں۔ مارن فیملی ٹو جی ہے اس لیے دو نسلیں آکر کرپشن کر رہی ہیں، کروناندھی خاندان کی تین نسلیں سیاست میں آ کر کرپشن کر رہی ہیں۔ اور گاندھی خاندان فور جی ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ انہیں ہٹا کر یہاں کی حکمرانی تمل ناڈو کے بیٹے کو دی جائے۔