بہار کے مظفر پور کی رہنے والی شوانگی نیوی کے ڈارنیر نگرانی ہوائی جہاز اڑائیں گی۔ وہ گزشتہ سال نیوی میں شامل ہوئی تھیں۔
نئی دہلی: سب لفٹننٹ شوانگی اپنی ٹریننگ پوری کر سوموار کو انڈین نیوی میں شامل ہونے والی پہلی خاتون پائلٹ بن گئی ہیں۔ بہار کے مظفر پور کی رہنے والی شوانگی نیوی کے ڈارنیر نگرانی ہوائی جہاز اڑائیں گی۔شروعاتی ٹریننگ کے بعد گزشتہ سال شوانگی نیوی میں شامل ہوئی تھیں۔ دفاعی ترجمان نے کوچی میں بتایاکہ نیوی ڈے کے دو دن پہلے فورس میں شامل ہونے والی شوانگی ٹریننگ پوری کر انڈین نیوی کی پہلی خاتون پائلٹ بن گئی ہیں۔
خبر رساں ایجنسی
اے این آئی کے مطابق،کوچی نیول بیس پر صحافیوں سے بات چیت میں شوانگی نے کہا،’یہ میرے اور میرے والدین کے لیے فخر کی بات ہے۔یہ ایک الگ طرح کا احساس ہے۔ میں کافی لمبے وقت سے اس کا انتظار کر رہی تھی اور اب میں یہاں ہوں۔ میں اس کو بتا نہیں سکتی۔یہ ایک عظیم احساس ہے۔ اب مجھے تیسرے مرحلے کی ٹریننگ کا انتظار ہے۔’
انھوں نے کہا،’نیوی میں ہمیشہ سے خواتین رہی ہیں۔حالانکہ انھوں نے یہاں کبھی طیارہ نہیں اڑایا ہے۔یہ کچھ الگ ہے۔ پہلی بار کوئی عورت طیارہ اڑائے گی۔یہ ان خواتین کے لیے موقع بنائے گا جو دفاعی خدمات میں شامل ہونا چاہتی ہیں۔’
غور طلب ہے کہ گزشتہ اگست مہینے میں ایس دھامی انڈین ایئر فورس کی پہلی خاتون پائلٹ بنیں۔ دھامی غازی آباد کے ہنڈن ایئر بیس میں چیتک ہیلی کاپٹر یونٹ کی فلائٹ کمانڈر ہیں۔ کمانڈنگ آفیسر کے بعد فلائٹ کمانڈر کسی یونٹ میں دوسرے نمبر کا افسر ہوتا ہے۔
(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)