روس نے کہا؛ ہندوستان نے 370 پر آئینی فیصلہ لیا ہے

06:46 PM Aug 10, 2019 | دی وائر اسٹاف

روس نے کہا کہ ، ہم اس حقیقت کو دھیان میں رکھ کر آگے بڑھ رہے ہیں کہ جموں و کشمیر کی صورت حال میں تبدیلی اور اس کو بانٹ کر دو یونین ٹیریٹری ریاست بنانے کا فیصلہ ہندوستانی آئین کے دائرے میں ہے۔

فوٹو: پی ٹی آئی

نئی دہلی: روس نے جموں و کشمیر پر حکومت ہند کے فیصلے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہندوستانی آئین کے دائرے میں ہے اور اس نے یہ امید بھی ظاہر کی کہ ہندوستان اور پاکستان آپسی اختلافات کو شملہ اور لاہورسمجھوتہ کی بنیاد پر سلجھائیں گے۔ ہندوستان نے سوموار کو جموں و کشمیر کا خصوصی درجہ ختم کرنے کے لیے آرٹیکل 370 کے اکثر اہتماموں کو ہٹا دیا تھا اور ریاست کو دو یونین ٹیریٹری جموں وکشمیر اور لداخ میں بانٹ دیا تھا۔ روسی وزارت خارجہ نے جمعہ کو ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ، ماسکو امید کرتا ہے کہ دہلی کے ذریعے جموں و کشمیر کی صورت حال میں تبدیلی کے مدنظر ہندوستان اورپاکستان کے خطوں  میں حالات  کو خراب نہیں ہونے دیں گے۔

وزارت نے کہا کہ ، ہم اس حقیقت کو دھیان میں رکھ کر آگے بڑھ رہے ہیں کہ جموں و کشمیر کی صورت حال میں تبدیلی اور اس کو بانٹ کر دو یونین ٹیریٹری ریاست بنانے کا فیصلہ ہندوستانی آئین کے دائرے میں ہے۔وزارت نے کہا، ہم امید کرتے ہیں کہ اس فیصلے کے بعد متعلقہ فریق حلقے میں کشیدگی کو بڑھنے نہیں دیں گے۔اس نے کہا،روس ہمیشہ سے ہندوستان اور پاکستان کے بہتررشتوں کا حمایتی ہے ۔ وزارت نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ دونوں ملکاختلافات کو سیاسی اور سفارتی طریقوں سے شملہ سمجھوتہ 1972 اور لاہور 1999 کے اہتماموں کے تحت سلجھائیں گے۔

دریں اثنا چین نے ہندوستان اور پاکستان سے اپنے تنازعات کو سلجھانے کے لیے بات چیت کی اپیل کی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ چین کا یہ ردعمل پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے چین سے صلاح کے لیے پہنچنے کے بعد جمعہ کو سامنے آیا ہے۔چین نے خطے میں امن و امان قائم رکھنے کی بھی اپیل کی ہے۔

(خبررساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)