پلواما حملہ: اب تک 4 لوگ گرفتار، آن لائن شاپنگ ویب سائٹ ایمیزون سے منگوایا گیا تھا دھماکہ خیز مادہ

این آئی اے نے کہا کہ شروعاتی پوچھ تاچھ میں پتہ چلا کہ گرفتار کئے گئے دونوں لوگوں میں سے ایک نے جیش محمد کے دہشت گردوں کی ہدایت پرآئی ای ڈی بنانے کے لئے کیمیکل، بیٹری اور دیگر سامان خریدنے کے لئے آن لائن شاپنگ ویب سائٹ ایمیزون کا استعمال کیا تھا۔

این آئی اے نے کہا کہ شروعاتی پوچھ تاچھ میں پتہ  چلا کہ گرفتار کئے گئے دونوں لوگوں میں سے ایک نے جیش محمد کے دہشت گردوں کی ہدایت پرآئی ای ڈی بنانے کے لئے کیمیکل، بیٹری اور دیگر سامان خریدنے کے لئے آن لائن شاپنگ ویب سائٹ ایمیزون کا استعمال کیا تھا۔

(علامتی فوٹو : پی ٹی آئی)

(علامتی فوٹو : پی ٹی آئی)

نئی دہلی: جموں و کشمیر کے پلواما میں گزشتہ سال ہوئے دہشت گردانہ حملہ معاملے میں این آئی اے نے دو اور لوگوں کوگرفتار کیا ہے، جن میں سے ایک نے آئی ای ڈی بنانے کے لئے کیمیکل کی آن لائن خریداری کی تھی۔این آئی اے نے سری نگر کے باغ مہتاب علاقے کے وزیرالاسلام (19) اورپلواما کے ہکری پورا گاؤں کے محمد عباس راٹھیر (32) کو گرفتار کیا ہے۔

ایسے الزامات ہیں کہ انہوں نے گزشتہ سال ہوئے اس حملے کی اسکیم بنانے والوں اور اس کو انجام دینے والوں کو پناہ دی تھی۔جنوبی کشمیر کے پلواما ضلع میں گزشتہ سال اس دہشت گردانہ حملے میں سی آر پی ایف کے 40 جوان شہید ہو گئے تھے۔

انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق، این آئی اے نے جاری بیان میں کہا،’شروعاتی پوچھ تاچھ میں وزیرالاسلام نے بتایا کہ اس نے پاکستان کے جیش محمدکے دہشت گردوں کی ہدایت پر آئی ای ڈی بنانے کے لئے کیمیکل، بیٹری اور دیگر سامان خریدنے کے لئے آن لائن شاپنگ ویب سائٹ ایمیزون کے اکاؤنٹ کا استعمال کیا۔ سامان کی ڈلیوری کے بعد اس نے خود اس سامان کو جیش محمد کے دہشت گردوں تک پہنچایا تھا، جس کے بعد اس سے تیار کئے گئے دھماکہ خیز مادے سے پلواما حملے کو انجام دیا گیا۔ ‘

این آئی اے کے مطابق، ‘راٹھیر جیش محمد کے لئے کام کرتا ہے۔ اس نے انکشاف کیا ہے کہ جب جیش دہشت گرد اور آئی ای ڈی کے ماہر محمد عمر اپریل-مئی،2018 میں کشمیر پہنچا، تب اس نے ہی اس کو اپنے گھر میں ٹھہرایا تھا۔ راٹھیر نےپلواما حملے سے پہلے کئی بار جیش کے دہشت گردوں-خودکش بم حملہ آور عادل احمد ڈار،سمیر احمد ڈار اور پاکستانی کامران کو بھی اپنے گھر میں ٹھہرایا تھا۔ ‘

این آئی اے نے بتایا کہ جیش محمد کا دہشت گرد محمد عمر فاروق پلواما حملے کا اہم سازشی  تھا۔ وہ بعد میں کشمیر میں تصادم میں مارا گیا۔عادل احمد ڈار خودکش حملہ آور تھا، جو دھماکہ خیز مادہ سے لدی کارلےکر گیا اور سی آر پی ایف کے قافلے کے پاس اس میں دھماکہ کر دیا۔افسر نے کہا، اس نے عادل سمیت جیش دہشت گردوں کو ہکری پورا میں ملزم طارق احمد شاہ اور اس کی بیٹی انشا جان‌کے گھر میں ٹھہرانے میں بھی مددکیا۔ ‘

طارق احمد اور ان کی بیٹی انشا کو مبینہ طور پر ملزمین کو پناہ دینے کے لئے تین مارچ کو این آئی اے نے گرفتار کیا تھا۔افسر نے بتایا کہ اسلام اور راٹھیر کو سنیچر کو جموں میں خصوصی این آئی اے عدالت میں پیش کیا جائے‌گا۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشاکے ان پٹ کےساتھ)