عدالت نے لگاتار تیسری بار نیرو مودی کی ضمانت عرضی خارج کی ۔ اس کے ساتھ ہی معاملے کی اگلی سماعت 24 مئی کو ہوگی ۔
نئی دہلی : پی این بی گھوٹالے میں کلیدی ملزم اور ملک سے فرار ہیرا کاروباری نیرو مودی کو آج اس وقت ایک بڑا جھٹکا لگا جب لندن واقع ویسٹ منسٹر کورٹ نے تیسری بار اس کی ضمانت عرضی خارج کردی ۔اس سے پہلے 29 مارچ کو بھی عدالت نے ضمانت دینے سے انکار کر دیا تھا۔ ضمانت عرضی خارج ہونے کی وجہ سے اس کو 24 مئی تک عدالتی حراست (جیل ) میں رہنا پڑے گا۔ اس معاملے کی اگلی سماعت 24 مئی کو ہوگی۔
Fugitive Businessman Nirav Modi's bail rejected by London Court, next date of hearing in the case is May 24. (file pic) pic.twitter.com/m3Nv7vQWew
— ANI (@ANI) April 26, 2019
قابل ذکر ہے کہ ساڑھے 13 ہزار کروڑ روپے کے پی این بی گھوٹالے میں ای ڈی نے اس کے خلاف کارروائی کی گزارش کی تھی ۔ ای ڈی کی درخواست پر کارروائی کرتے ہوئے نیرو مودی کے خلاف وارنٹ جاری کیا گیا تھا ، اس کے بعد اس کو19 مارچ کو گرفتار کیا گیا۔ 19 مارچ کو بھی عدالت نے اس کی ضمانت عرضی خارج کر دی تھی۔48 سالہ نیرو کو گزشتہ مہینے گرفتار کیا گیا تھا۔ اس وقت اس کو لندن واقع وینڈس ورتھ جیل میں رکھا گیا ہے۔جیل سے ہی ویڈیو لنک کے ذریعے معاملے کی شنوائی ہورہی ہے ۔
برٹن کے ایک اخبار میں حال میں شائع ایک خبر کے مطابق ؛نیرو مودی لندن کے ویسٹ اینڈ میں 80 لاکھ پاؤنڈ کے عالی شان گھر میں رہ رہا تھا اور نئے ہیرا کاروبار میں لگا تھا۔اخبار کی طرف سے جاری ایک ویڈیو میں نیرو کو لندن کی سڑکوں پر گھومتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔
(خبررساں ایجنسی پی ٹی آئی کے ان پٹ کے ساتھ)