الہ آباد میں وزیر اعظم نریندر مودی کے ذریعے صفائی اہلکاروں کے پاؤں دھونے پر کانگریس صدر راہل گاندھی نے کہا کہ وہ کیمرے کے لیے جیتے ہیں۔کیمرہ بند ہو نے کے بعد وزیر اعظم نے صفائی ملازمین کے مسائل تک نہیں سنے۔ایونٹ بنایا اور نکل گئے،اگلے ایونٹ کے لیے۔
نئی دہلی: الہ آباد میں وزیر اعظم نریندر مودی کے ذریعےگزشتہ دنوں صفائی ملازمین کے پاؤں دھونے کے سیاق میں کانگریس صدر راہل گاندھی نے منگل کو الزام لگایا کہ وزیر اعظم کیمرے کے لیے جیتے ہیں اور ہر چیز کو ایک ایونٹ بنا کر اگلے ایونٹ کے لیے نکل لیتے ہیں۔گزشتہ 5 مارچ کو گاندھی نے ان صفائی ملازمین سے جڑی ایک خبر شیئر کرتے ہوئے کہا،’ نریندر مودی کیمرے کے لیے جیتے ہیں۔کیمرہ بند ہو نے کے بعد وزیر اعظم نے صفائی ملازمین کے مسائل تک نہیں سنے۔ ایونٹ بنایا اور نکل گئے،اگلے ایونٹ کے لیے۔’
قابل ذکر ہے کہ الٰہ آباد میں چل رہے کمبھ میلہ کے دوران گزشتہ 24 فروری کو وزیر اعظم نریندر مودی نے سنگم میں ڈبکی لگائی اور پھر صفائی ملازمین کے پیر دھوئے اور پوچھےتھے۔ اس کے ساتھ ہی ان کو شال بھی دی تھی۔ مودی نے صفائی ملازمین کو اصل کرم یوگی بتایا تھا۔اب راہل گاندھی نے جو خبر شیئر کی ہے اس کے مطابق؛وزیر اعظم نے جن صفائی ملازمین کے پاؤں دھوئے تھے وہ پھر سے بدترین حالت میں کام کرنے کو مجبور ہیں۔
یونیورسٹی تقرریوں میں 13 پوائنٹ روسٹر نافذ کرنے اور آدیواسیوں کی طرف سے گزشتہ 5 مارچ کو بلائے گئے بھارت بند آندولن کی بھی راہل گاندھی نے حمایت کی ۔ایک ٹوئٹ میں انھوں نے کہا،’ ہمارے آدیواسی اور دلت بھائی-بہن مصیبت میں ہیں۔وزیر اعظم کی جھوٹی قسموں اور جھوٹے دعدوں نے آج ان کو سڑکوں پر اترنے کے لیے مجبور کر دیا ہے۔ان کے جنگل اور جیون کے حق پر مسلسل حملہ ہوا ہے۔میں پوری طرح سے ان کے ساتھ ہوں۔
(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)