کانگریس نےسبرامنیم سوامی کو طنز کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ، ماتا لکشمی اس طرح کا کام کرکے معیشت کو ٹھیک کر دیں گی، لیکن پھر وزیر خزانہ کیا کام کریں گی؟
نئی دہلی: بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینئر رہنما اور راجیہ سبھا ایم پی سبرامنیم سوامی نے بدھ کو مدھیہ پردیش میں ایک عجیب و غریب بیان دیا۔ ایک پروگرام میں حصہ لینے کے لیے کھنڈوا ضلع پہنچے سوامی نے کہا کہ اگر انڈین کرنسی پر دیوی لکشمی کی فوٹو پرنٹ کرائی جائے تو اس سے کرنسی کی حالت سدھر سکتی ہے۔
کھنڈوا میں ایک پروگرام میں شامل ہونے پہنچے سبرامنیم سوامی سے جب صحافیوں نے اس بات کا ذکر کیا کہ انڈونیشیا کی کرنسی پر بھگوان گنیش کی تصویر لگوائی گئی ہے، تو سوامی نے اس کے جواب میں اپنی بات کہی۔ سوامی نے کہا، ‘بھگوان گنیش رکاوٹوں کو دور کرتے ہیں۔ میں یہ کہہ سکتا ہوں کہ بھارت میں نوٹوں پر دیوی لکشمی کی تصویر پرنٹ کرائی جا سکتی ہے اور اس سے انڈین کرنسی کی حالت بھی سدھر سکتی ہے۔’
You thought the premiere economist of the RW economy groups would have a better solution than changing the face of bank notes. Goddess Lakshmi would save the economy without being patronised in this manner but then what is the FM's job?#SubramanianSwamy
— Abhishek Singhvi (@DrAMSinghvi) January 16, 2020
کانگریس رہنما اور سینئر وکیل ابھیشیک منو سنگھوی نے ٹوئٹ کر کےسبرامنیم سوامی کو طنز کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے لکھا کہ آپ نے سوچا تھا کہ ملک کے اکانومسٹ معیشت کو سدھارنے کے لیے کوئی آئیڈیا دیں گے، لیکن وہ نوٹ بدلنے کی بات کرتے ہیں۔ ماتا لکشمی اس طرح کا کام کرکے معیشت کو ٹھیک کر دیں گی، لیکن پھر وزیر خزانہ کیا کام کریں گی؟
غورطلب ہے کہ ایک پروگرام میں بی جے پی ایم پی سبرامنیم سوامی نے کہا تھا، ‘اس پر وزیر اعظم نریندر مودی جواب دے سکتے ہیں۔ حالانکہ جہاں تک میری بات ہے، تو میں اس کے حق میں ہوں۔ بھگوان گنیش رکاوٹوں کو دور کرتے ہیں۔ میرا تو یہ کہنا ہے کہ پیسے کی دیوی لکشمی کی تصویر بینک نوٹ میں چھاپنے سے انڈین کرنسی کی حالت میں سدھار ہو سکتا ہے۔ اس پر کسی کو برا ماننے کی ضرورت نہیں ہے۔’
سبرامنیم سوامی نے حوالہ دیا کہ انڈونیشیا نے اپنے یہاں نوٹوں پر گنیش کی فوٹو لگائی ہے، جس سے ان کو کافی فائدہ ہوا ہے۔ ایسے میں ہندوستان کو بھی کچھ ایسا ہی کرنا چاہیے۔
دریں اثنامیڈیا سے بات کرتے ہوئے سوامی نے کہا کہ بی جے پی کی سرکار جلد ہی ملک میں یونیفارم سول کوڈ لائےگی۔ سوامی نے کہا کہ ہمارےملک میں ابھی آبادی ایک بڑا مسئلہ ہے اور اگر سب ایسے ہی چلتا رہا تو 2025 تک ہندوستان چین سے آگے نکل جائےگا۔ قابل ذکر ہے کہ سبرامنیم سوامی اس سے پہلے بھی اپنے بیانات کہ وجہ سے چرچہ میں رہ چکے ہیں۔
(خبررساں ایجنسی پی ٹی آئی کےان پٹ کے ساتھ)