پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ، ہم چاہتے ہیں کہ عالمی برادری اس غیر ذمہ دارانہ رویے پر غور کرے اور ہندوستان کو پھٹکار لگائے۔
نئی دہلی :پلواما دہشت گردانہ حملے کے بعد ہندوستان اورپاکستان کے بیچ کشیدگی کے درمیان پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اتوار کو کہا کہ پاکستان کے پاس قابل اعتماد خفیہ جانکاری ہے کہ ہندوستان 16 سے 20 اپریل کے دوران ایک اور حملے کا منصوبہ بنارہا ہے۔قابل ذکر ہے کہ جموں و کشمیر کے پلواما ضلع میں 14 فروری کو جیش محمد کے خو د کش حملے کے بعد دونوں ملکوں کے بیچ کشیدگی بڑھ گئی ہے ۔ اس حملے میں 40 سے زیادہ جوان ہلاک ہوئے تھے۔
کشیدگی کے بیچ ہندوستان کی جانب سے دہشت گردی مخالف مہم کے تحت 26 فروری کو پاکستان کے اندر بالا کوٹ میں جیش محمد کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا گیا تھا۔پاکستان کے اخبار ڈان کے مطابق، اپنے آبائی شہر ملتان میں ایک پریس کانفرنس کے دوران پاکستان کے وزیر خارجہ قریشی نے کہا کہ حکومت کے پاس قابل اعتماد خفیہ جانکاری ہے کہ ہندوستان نئے حملے کا منصوبہ بنارہا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ایک نئے حادثے کا تانا بانا رچا جاسکتا ہے اور ا س کا مقصد پاکستان کے خلاف اپنی (ہندوستان کی) کارروائی کو صحیح ٹھہرانے اور اسلام آباد کےخلاف ڈپلومیٹک دباؤ بنانا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ تیاریاں کی جارہی ہیں ، اور پاکستان کے خلاف ایک اور حملے کے آثار ہیں۔ قریشی نے کہا کہ ، اگر ایسا ہوتا ہے تو آپ خطے کے امن وامان پر ہونے والے اثرات کے بارے میں تصور کرسکتے ہیں ۔ ہماری جانکاری کے مطابق، 16 سے 20 ااپریل کے بیچ کارروائی ہوسکتی ہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ ، پاکستان نے اس مدعے پر یواین کے ممبروں کو پہلے ہی جانکاری دے دی ہے اور اسلام آباد کے اندیشوں سے ان کو واقف کرا دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا ہم چاہتے ہیں کہ عالمی برادری اس غیر ذمہ دارانہ رویے پر غور کرے اور یہ راستہ اختیار کرنے کے لیے ان کو(ہندوستان کو) پھٹکار لگائے۔
(خبررساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)