سپریم کورٹ کے سابق جج جسٹس مدن بی لوکور 18 جنوری کو پاکستان کے نئے چیف جسٹس آصف سعید خان کھوسہ کی حلف برداری تقریب میں شامل ہوں گے۔
نئی دہلی: سپریم کورٹ کے سابق جج جسٹس مدن بی لوکور 18 جنوری کو پاکستان کے نئے چیف جسٹس آصف سعید خان کھوسہ کی حلف برداری تقریب میں شامل ہوں گے۔انڈین ایکسپریس کی خبر کے مطابق؛ گزشتہ سال 30 دسمبر کو سپریم کورٹ سے ریٹائر جسٹس لوکور نے کہا،’ میں ان کو ایک دہائی سے جانتا ہوں، جب وہ لاہور ہائی کورٹ میں جج تھے۔وہ بہت ہی ذہین، بولڈ اور اچھے انسان ہیں۔’
یہ پوچھے جانے پر کہ کیا وہ اس کو ایک غیر معمولی پہل مانتے ہیں جب دونوں پڑوسیوں کے بیچ کچھ ہی ہائی پروفائل لوگ آتے جاتے ہیں، اس پر انھوں نے کہا،’ انصاف کسی سرحد کو نہیں جانتا ہے۔’یہ پہلی بار نہیں ہے جب جسٹس لوکور پاکستان میں حلف برداری تقریب میں شامل ہوں گے۔وہ تب بھی گئے تھے جب پاکستان کے سابق چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی کو 5 سال پہلے عہدے کا حلف دلایا گیا تھا۔
جسٹس کھوسہ پاکستان کے سابق صدر جنرل پرویز مشرف کے ذریعے برخاست کیے گئے ججوں میں سے ایک ہیں۔ فروری 2016 میں ان کی صدارت والی 3 ججوں کی بنچ نے ایک فیصلہ سنایا،جس میں کہا گیا تھا کہ مشرف کو پاکستان کے آئین کو برباد کرنے کے لیے غدار وطن کے مقدمے میں شامل کیا جانا چاہیے۔
The post پاکستانی جج کی حلف برداری تقریب میں جائیں گے جسٹس مدن بی لوکور، کہا؛ انصاف کسی سرحد کو نہیں جانتا appeared first on The Wire - Urdu.