اتر پردیش کی بلیا ضلع جیل میں قیدیوں کے سونے کی جگہ پر ایک فٹ پانی بھر گیا ہے۔ٹوائلٹ اور سیور اوورفلو ہو رہا ہے۔ اتر پردیش میں پچھلے کئی دنوں سے بارش جاری ہے۔ بارش کی وجہ سے بلیا کے حالات خراب ہیں۔
نئی دہلی: اتر پردیش کے بلیا میں پچھلے کئی دنوں سے ہو رہی بارش سے ضلع جیل میں پانی بھر گیا ہے۔ اس وجہ سے سبھی قیدیوں کو اعظم گڑھ اور امبیڈکرنگر جیل لے جایا جا رہا ہے۔ بلیا میں یہ جیل گنگا ندی کے کنارے پر واقع ہے اور یہ بہار کی سرحد سے لگا ہوا ہے۔ کلکٹر بھوانی سنگھ کھنگاروت نے سوموار کو بتایا کہ ضلع جیل میں جمع پانی کو دیکھتے ہوئے قیدیوں کی صحت اور حفاظت کے مدنظر ان کو اعظم گڑھ اور امبیڈکر نگر کی جیل میں عارضی طور پر منتقل کیا جا رہا ہے۔
ایڈیشنل پولیس سپرنٹنڈنٹ سنجے یادو نے بتایا کہ ضلع جیل کی سبھی بیرک میں تقریباً تین فٹ تک پانی بھر گیا ہے۔ قیدیوں کے سونے کی جگہ بھی تقریباً ایک فٹ تک ڈوب گئی ہے۔ اس وجہ سے قیدیوں کے سونے کے لئے کوئی جگہ نہیں رہ گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع جیل کا سیور اور ٹوائلٹ اوورفلو کر رہا ہے۔ حالات کا جائزہ لینے کے لئے ایڈیشنل ڈی جی پی برج بھوشن شرما اور ڈپٹی کمشنر آف پولیس منوج تیواری بلیا پہنچ گئے ہیں۔
یادو نے بتایا کہ ضلع جیل میں کل 863 قیدی ہیں۔ ان میں سے 44 خواتین اور 9 بچوں سمیت کل 500 قیدیوں کو اعظم گڑھ اور باقی کے قیدیوں کو امبیڈکرنگر جیل لے جایا جا رہا ہے۔ اس کے لئے چار پولیس سب انسپکٹر، 20 تھانہ انچارج، 80 سب انسپکٹر، 146 ہیڈ کانسٹیبل اور 380 کانسٹیبل تعینات کئے گئے ہیں۔
اعظم گڑھ جیل بلیا سے تقریباً 115 کلومیٹر دور ہے اور امبیڈکرنگر تقریباً 190 کلومیٹر ہے۔
این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق، ایڈیشنل ضلع مجسٹریٹ (بلیا) رام آسرے نے بتایا، ‘ چار دن سے لگاتار جاری بارش کی وجہ سے جیل میں سیلاب جیسے حالات ہو گئے ہیں۔ جیل کے باہر بھی سیلاب کا پانی جمع ہے۔ اس کی وجہ سے ہم جیل میں جمع پانی کو باہر نہیں نکال پا رہے ہیں۔ ‘
اتر پردیش کے مختلف حصوں میں پچھلے کئی دنوں سے رک رک کر بارش ہو رہی ہے، بارش کی وجہ سے بلیا میں حالات خراب ہو گئے ہیں۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق، مشرقی اتر پردیش کے مختلف حصوں میں گزشتہ پانچ دنوں کے دوران تقریباً 90 لوگوں کی موت ہو گئی۔ بارش سے بلیا، جونپور اور وارانسی ضلع بری طرح سے متاثر ہیں۔
بلیا میں لگاتار بارش کی وجہ سے گزشتہ اتوار کو بلیا-چھپرا ریل بلاک پر آمدورفت ٹھپ ہو گئی۔ بلیا میں اتوار صبح سویرے چار بجے بھاری بارش کی وجہ سے چھپرا-بلیا ریل ٹریک پر بلیا اور بانسڈیہہ ریلوے اسٹیشن کے درمیان مٹی دھنسنے سے پٹری دھنس گئی اور یہاں آمدورفت پوری طرح ٹھپ ہو گئی۔ اس وجہ سے سات ٹرین رد کردی گئی ہے اور چھے ٹرینوں کو دوسرے راستے سے بھیجا جا رہا ہے۔ دھنسی ہوئی پٹری کو ٹھیک کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)