وزیر تعلیم رمیش پوکھریال نے یو ڈی آئی ایس ای کےاعدادوشمار کے حوالے سے ایوان میں بتایا کہ جن 42074 اسکولوں میں پانی پینے کی سہولت نہیں ہےان میں سب سے زیادہ 8522 آسام میں ہیں۔ لڑکے اور لڑکیوں کے لیے الگ ٹوائلٹ نہ ہونے کے معاملے میں بھی آسام پہلے نمبر پر ہے۔
نئی دہلی: سرکار نے جمعرات کو کہا کہ ملک بھر کے 42 ہزار سے زیادہ سرکاری اسکولوں میں پینے کےپانی کی سہولت نہیں ہے جبکہ 15 ہزار اسکول ٹوائلٹ سے محروم ہیں۔وزیر تعلیم رمیش پوکھریال نے ایک سوال کے تحریری جواب میں راجیہ سبھا کو یہ جانکاری انٹی گریٹڈ ڈسٹرکٹ انفارمیشن سسٹم فار ایجوکیشن(یو ڈی آئی ایس ای)کےاعدادوشمارکے حوالے سے دی۔
انہوں نے کہا،‘یو ڈی آئی ایس ایکے مطابق2018-19 میں ملک میں1041327 سرکاری اسکولوں میں پینے کے پانی کی سہولت تھی اور 1068726اسکولوں میں ٹوائلٹ تھے۔’پوکھریال نے کہا،‘ریاستوں اوریونین ٹریٹری کو باربار یہ یقینی بنانے کا مشورہ دیا گیا ہے کہ غیر سرکاری سیکٹر سمیت تمام اسکولوں میں لڑکوں اور لڑکیوں کے لیے الگ الگ ٹوائلٹ کاانتظام ہونا چاہیے اور تمام بچوں کے لیےمحفوظ اور خاطر خواہ پینے کے پانی کی سہولت ہونی چاہیے۔’
نیوز 18 کے مطابق، سرکاری اعدادو شمار کے مطابق جن 42074 اسکولوں میں پانی کی سہولت نہیں ہے، ان میں سب سے زیادہ 8522 اسکول آسام میں ہیں۔ آندھرا پردیش کے 3177، بہار کے 4270، جموں وکشمیر کے 2158، مدھیہ پردیش کے 5529، جھارکھنڈ کے 1840، میگھالیہ کے 5208،راجستھان کے 2627، اتر پردیش کے 3368 اورمغربی بنگال کے 1520 اسکولوں میں پینے کے پانی کی سہولت نہیں ہے۔
آسام پینے کے پانی کے ساتھ لڑکوں کے لیے ٹوائلٹ کی سہولت نہ ہونے کے معاملے میں بھی آگے ہے۔ یہاں 13503 اسکولوں میں لڑکوں کے لیے ٹوائلٹ نہیں ہے۔اسی طرح بہار کے 9471، جموں وکشمیر کے 1379، کرناٹک کے 1519، مدھیہ پردیش کے 5975، مہاراشٹر کے 1583،میگھالیہ کے 1933، اڑیسہ میں 2484، راجستھان میں 1061 اورمغربی بنگال میں 2142 اسکول شامل ہیں۔
آسام لڑکیوں کے لیے ٹوائلٹ کی سہولت نہ ہونے کے معاملے میں بھی سب سے اوپر ہے۔ یہاں کے 1183 اسکولوں میں لڑکیوں کے لیےٹوائلٹ نہیں ہے۔ اس کے بعد بہار دوسرے نمبر پر ہے۔ یہاں 8361 اسکولوں میں لڑکیوں کے لیے ٹوائلٹ نہیں ہے۔
اس کے علاوہ جموں وکشمیر میں 911، جھارکھنڈ میں 866، مدھیہ پردیش میں 4914، مہاراشٹر میں 1063، میگھالیہ میں 2314، اڑیسہ میں 1238 اورمغربی بنگال کے 1521 اسکولوں میں لڑکیوں کے لیے ٹوائلٹ کی سہولت نہیں ہے۔
(خبررساں ایجنسی بھاشاکے ان پٹ کے ساتھ)