خبر رساں ایجنسی اے این آئی کو دیے ایک انٹرویو میں وزیر اعظم نریندر مودی نے ایودھیا معاملے کی سماعت میں تاخیر کے لئے کانگریسی رہنماؤں کو ذمہ دار ٹھہرایا۔
وزیر اعظم نریندر مودی(فوٹو : اے این آئی)
نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے واضح کیا ہے کہ ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کو لےکر آرڈیننس لانے کے بارے میں عدالتی پروسیس ختم ہونے کے بعد ہی غور کیا جائےگا۔
خبر رساں ایجنسی اے این آئی کو دیے انٹرویو میں وزیر اعظم نریندر مودی نے رام مندر، نوٹ بندی، تین طلاق، ارجت پٹیل اور حالیہ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کو ملی ہار جیسے کچھ مدعوں پر بات چیت کی۔
تین طلاق معاملے کو لےکر جس طرح سے آرڈیننس لایا گیا کیا رام مندر کو لےکر آرڈیننس لانے میں مشکل ہے، اس کے جواب میں وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا، ‘ تین طلاق کا آرڈیننس سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے کے بعد لایا گیا ہے۔ سپریم کورٹ کے حکم سے پہلے نہیں لایا گیا ہے اور سپریم کورٹ کے حکم کی روشنی میں لایا گیا ہے۔ اس لئے ہم نے اور بھارتیہ جنتا پارٹی نے اپنے منشور میں بھی کہا ہے کہ آئین کی حدود میں ہم اس کا حل کریںگے۔ ‘
انہوں نے کہا، ‘ اس بات سے کوئی انکار نہیں کر سکتا ہے کہ آزادی کے 70 سال بعد حکومتوں میں بیٹھے لوگوں نے اس مسئلے کو روکنے کے لئے بھرپور کوشش کی ہے۔ آج بھی معاملہ سپریم کورٹ میں ہے۔ میں کانگریس کے دوستوں سے خاص طورپر درخواست کرتا ہوں، ملک کے امن، حفاظت اور بھائی چارہ کے لئے درخواست کرتا ہوں کہ وہ ان کے اپنے وکیلوں کو کورٹ کے اندر اس مسئلے پر رکاوٹ ڈالنے والے ایجنڈے سے باہر نکالیں۔ رکاوٹیں نہ پیداکریں اور تمام وکیل دوست، جو بھی کانگریس سے جڑے ہوئے ہیں، جو اس کو روکنے کی کوشش کر رہے ہیں وہ بھی کورٹ میں جاکر جلدی سے جلدی عدالتی عمل پورا ہو، اس میں ہم طاقت لگائیں۔ ‘
مودی نے کہا، ‘ کورٹ کے اندر کانگریس کے وکیل جو رکاوٹیں ڈالتے ہیں، وہ بند ہو۔ انصاف کے عمل کو انصاف کے طریقے سے چلنے دیا جائے۔ اس کو سیاست کے ترازو سے نہ تولا جائے۔ معاملہ عدلیہ میں ہے، اس کو مکمل کیا جائے۔ عدلیہ سے آنے کے بعد حکومت کی ذمہ داری جہاں سے شروع ہوتی ہے، ہم پوری طرح سے کوشش کرنے کے لئے تیار ہیں۔ ‘
واضح ہو کہ کچھ رائٹ ونگ تنظیموں اور شیوسینا کی طرف سے مرکز کی نریندر مودی حکومت پر ایودھیا میں رام مندر بنانے کے لئے آرڈیننس لانے کا دباؤ بنایا جا رہا ہے۔ بہر حال ایودھیا معاملے کو لےکر 4جنوری کو سپریم کورٹ میں سماعت ہونے والی ہیں۔
نوٹ بندی کو لےکر وزیر اعظم نے کہا، ‘ نوٹ بندی جھٹکا نہیں تھا، ہم نے لوگوں کو پہلے ہی اس بات سےخبردار کر دیا تھا کہ آپ کے پاس کالا دھن ہے تو اس کو بینک میں جمع کر دیں۔ آپ جرمانہ بھریے، آپ کی مدد کی جائےگی۔ ‘
آر بی آئی کے گورنر کے عہدے سے ارجت پٹیل کے ذریعے دباؤ کی وجہ سے استعفیٰ دینے کے سوال پر نریندر مودی کا کہنا تھا، ‘ ارجت پٹیل نے نجی وجوہات سے استعفیٰ دیا۔ اس بارے میں انہوں نے چھے سات مہینے پہلے ہی مجھے جانکاری دے دی تھی۔ ایسے میں ان پر سیاسی دباؤ ہونے کا سوال ہی نہیں اٹھتا۔ بطور آر بی آئی گورنر انہوں نے اچھا کام کیا۔ ‘
حالیہ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کو ملی ہار پر انہوں نے کہا، ‘ تلنگانہ اور میزورم میں کسی نے بی جے پی کو موقع نہیں دیا۔ چھتیس گڑھ میں واضح اکثریت ملی اور بی جے پی کی ہار ہوئی۔ دو ریاستوں میں کسی کو واضح اکثریت نہیں ملی۔ ساتھ ہی 15 سالوں کی اقتدار مخالف لہر کا بھی ہمارے لوگوں نے سامنا کیا۔’
The post
رام مندر پر فیصلہ آنے کے بعد حکومت کی جو ذمہ داری ہوگی وہ اس کو پورا کرےگی: نریندر مودی appeared first on
The Wire - Urdu.