بلندشہر کے پولیس افسروں کا کہنا ہے کہ ضمانت نہ دینے کے لئے ان پر این ایس اے لگایا گیا ہے۔ اگر ضمانت ملتی ہے تو یہ ثبوتوں کے ساتھ چھیڑچھاڑ کر سکتے ہیں۔
نئی دہلی: اتر پردیش کے بلندشہر ضلع انتظامیہ نے سیانہ تحصیل میں پچھلے مہینے ہوئی مبینہ گئوکشی کے معاملے سے متعلق گرفتار تین لوگوں پر سوموار کو نیشنل سکیورٹی ایکٹ (این ایس اے) لگا دیا ہے۔ مبینہ گئوکشی کا الزام لگاکر بجرنگ دل کے لوگوں نے مظاہرہ اور توڑ-پھوڑ کی تھی۔ساتھ ہی پولیس انسپکٹر سبودھ سنگھ کا گولی مارکر قتل کر دیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ 20 سالہ سمیت نام کے جوان کی بھی گولی لگنے سے موت ہو گئی تھی۔
انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق؛ اظہر، ندیم عرف ندیم الدین اور محبوب علی پر این ایس اے لگایا گیا ہے، جن کو گئو کشی ایکٹ، 1955 کی دفعہ3،5 اور 8 کے تحت گرفتار کیا گیا تھا۔ تینوں ملزم سیانہ کے باشندے ہیں۔ بلندشہر کے کلکٹر انوج جھا نے کہا، ‘ ان ملزمین کے کارناموں سے لوگوں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچی۔ مخالفت کے طورپر لوگوں نے تین دسمبر کو تشدد آمیز مظاہرہ کیا۔ تینوں کی ضمانت کی عرضی آئی ہوئی ہے، اس لئے ہم نے این ایس اے لگایا ہے۔ ہم یہ مانتے ہیں کہ اگر ان کو ضمانت ملتی ہے تو یہ ثبوتوں کے ساتھ چھیڑچھاڑ کر سکتے ہیں۔ ‘
بلندشہر پولیس نے کلیدی ملزم یوگیش راج اور شیکھر اگروال سمیت انسپکٹر سبودھ کمار سنگھ کے مبینہ قتل کے لئے 35 سے زیادہ لوگوں کو گرفتار کیا ہے، لیکن فساد اور قتل کے ملزمین کے خلاف ابھی تک این ایس اے نہیں لگایا گیا ہے۔جھا نے کہا انتظامیہ ان پر بھی این ایس اے لگانے پر غور کرےگا، جب ان کی ضمانتی عرضی لگائی جائےگی۔
انوج جھا نے کہا، ‘ یہ متعین کرنے کے لئے این ایس اے لگایا ہے کہ کسی ملزم کی رہائی پر لاء اینڈ آرڈر میں کوئی مسئلہ پیدا نہ ہو۔ ‘ ایک نوٹیفکیشن میں یوپی کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کے دفتر نے دعویٰ کیا کہ این ایس اے کی کارروائی اس لئے شروع کی گئی کیونکہ گئو کشی کی وجہ سے ماحول خراب ہوا اور سیانہ علاقے میں امن کو نقصان پہنچایا گیا۔
پولیس سپرنٹنڈنٹ (شہر) اتل کمار شریواستو نے کہا، ‘ این ایس اے کی کارروائی گئو کشی کے دیگر ملزمین کے خلاف بھی کی جائےگی۔ فساد اور پولیس اہلکار کے قتل کے معاملے میں ملزم کے لئے بھی یہی اصول نافذ کیا جائےگا۔ ابھی تک معاملے کی تفتیش چل رہی ہے۔ ‘
غور طلب ہے کہ گزشتہ 3 دسمبر کو بلندشہر کے سیانہ علاقے کے چنگراوٹھی میں مبینہ طور پر گئوکشی کو لےکر مشتعل بھیڑ کے تشدد میں تھانہ کوتوالی میں تعینات
انسپکٹر سبودھ کمار سنگھ اور سمت نامی ایک دیگر جوان کی موت ہو گئی تھی۔اس واقعہ سے متعلق سیانہ تھانے میں دو ایف آئی آر درج ہوئی تھیں۔ پہلی ایف آئی آر تشدد سے متعلق درج ہوئی، جس میں تقریباً 80 لوگوں کو نامزد کیا گیا ہے۔ جبکہ دوسری ایف آئی آر گئوکشی کے لئے درج ہوئی تھی۔
The post
بلند شہر تشدد: گئوکشی کے الزام میں گرفتار 3 لوگوں پر لگا راین ایس اے appeared first on
The Wire - Urdu.