شرمک اسپیشل ٹرینوں میں 24 کوچ ہوں گے۔سماجی دوری کے پروٹوکال کے تحت فی الحال ہر کوچ میں صرف 54 مسافروں کو لےکر لے جایا جا رہا ہے، لیکن اب 72 سیٹوں پر 72 مسافر ہوں گے۔
شرمک اسپیشل ٹرین (فوٹو: پی ٹی آئی)
نئی دہلی: لاک ڈاؤن کے دوران زیادہ سے زیادہ لوگوں کو گھر پہنچانے کی کوشش میں ریلوے نے اب ‘شرمک اسپیشل’ ٹرینوں میں 1200 کی جگہ تقریباً1700مسافروں کو بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے اور تین مقامات پر ان ٹرینوں کا ٹھہراؤ ہوگا۔اسپیشل شرمک گاڑیوں میں 24 ڈبے ہو ں گے اور ہر ڈبے میں 72مسافر کو لے جانے کی صلاحیت ہے۔سماجی دوری کے پروٹوکال کے تحت اب تک ہر ڈبے میں 54 مسافر کو لےکر لے جایا جا رہا ہے۔ اب 72 سیٹوں پر 72مسافر ہوں گے۔
ریلوے کی جانب سے جاری آرڈر کے مطابق ریلوے زون کو متعلقہ ریاستوں میں منزل کے علاوہ تین جگہوں پر گاڑیوں کے ٹھہراؤ کے لیے کہا گیا ہے۔ ریاستی حکومت کی درخواست پر یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔اس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ٹرین میں مسافر کو لے جانے کی صلاحیت اس میں موجود سلیپر کوچ کے سیٹوں کی تعداد کے برابر ہونی چاہیے۔
اب سے ٹرین کی مڈل برتھ بھی الاٹ کی جائےگی۔ اس سے پہلے انڈین ریلوے نے اسپیشل ٹرینوں کو چلانے کے لیے جو احکامات جاری کیے تھے، اس میں کہا گیا تھا کہ سماجی دوری بنائے رکھنے کے لیے کسی بھی مسافر کو مڈل برتھ نہیں دیا جائےگا۔ریلوے کے اس آرڈر سے ایک دن پہلے وزیرریل پیوش گوئل نے سبھی ریاستوں سے دل کھول کر منظوری دینے کی اپیل کی تھی، وزیر کی اپیل خاص طور سے ان ریاستوں کے لیے تھی، جنہوں نے بہت کم ٹرینوں کی اجازت دی تھی۔
مہاجر مزدوروں کے لیے ٹرینوں کو منظوری دینے کے معاملے پر داخلہ سکریٹری کی چیف سکریٹری کے ساتھ اتوار کو ہوئی ویڈیو کانفرنس میں بھی چرچہ ہوئی تھی۔انڈین ریل نے ایک مئی سے اب تک 468 ٹرینوں سے پانچ لاکھ سے زیادہ مسافر کو ان کی منزل تک پہنچایا ہے۔
اب تک بہار نے سب سے زیادہ 100 ٹرینوں کو منظوری دی ہے اور سب سے زیادہ مہاجر مزدوروں کو واپس بلایا ہے جبکہ مغربی بنگال نے صرف دو ٹرینوں کو منظور کیا ہے جبکہ آٹھ اور گاڑیوں کو اجازت ملنے کا امکان ہے۔ایک سینئرافسر نے اس قدم کے بارے میں جانکاری دیتے ہوئے بتایا،‘ریلوے کے پاس روزانہ 300 ٹرینیں چلانے کی صلاحیت ہے اور ہم اسے زیادہ سے زیادہ بڑھانا چاہتے ہیں۔ اگلے کچھ دنوں میں ہم چاہتے ہیں کہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں مہاجر مزدوروں کو ان کے گھروں تک پہنچایا جائے۔ اس کے لیے ہم نے ریاستوں سے منظوری بھیجنے کو کہا ہے۔’
بتا دیں کہ اس سے پہلے اتوار کو وزارت ریلوے نے کو رونا وائرس لاک ڈاؤن کے مد نظر بند ریل خدمات کو پھر سے شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔
انڈین ریلوے کی جانب سے کہا گیا تھا کہ وہ 12 مئی سے 15 جوڑی ٹرینوں کے ساتھ اپنی خدمات دھیرے دھیرے شروع کرےگی۔ کہا گیا تھا کہ اس کے لیے ٹکٹ بکنگ کی شروعات 11 مئی کو شام چار بجے سے شروع کی جائےگی اور ٹکٹ صرف آئی آرسی ٹی سی کی ویب سائٹ یا موبائل ایپ کے ذریعے ہی بک کی جا سکے گا۔
ریلوے کی طرف سے جاری ریلیز کے مطابق، نئی دہلی اسٹیشن سے ڈبروگڑھ، اگرتلا، ہاوڑا، پٹنہ، بلاسپور، رانچی، بھونیشور، سکندرآباد، بنگلور، چنئی، تروننت پورم، مڈگاؤں ، ممبئی سینٹرل، احمدآباد اور جموں توی کو جوڑ نے والی ان ٹرینوں کو اسپیشل ٹرینوں کے طور پرچلایا جائےگا۔
(خبررساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)