مظفرپور بالیکا گریہہ کی متاثرہ کے ساتھ چلتی کار میں گینگ ریپ

07:04 PM Sep 16, 2019 | دی وائر اسٹاف

بہار کے مظفرپور بالیکا گریہہ سے بچائی گئی متاثرہ بتیا شہر میں اپنے ایک رشتہ دار کے یہاں رہ رہی تھی ۔ پولیس نے 4 لوگوں کے خلاف معاملہ درج کیا ہے۔

نئی دہلی : بہار کے مظفرپور بالیکا گریہہ جنسی استحصال معاملے کی ایک متاثرہ کے ساتھ گینگ ریپ  کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ مغربی  چمپارن ضلع کے نگر تھانہ میں مظفرپور بالیکا گریہہ اسکینڈل کی ایک متاثرہ نے اپنے ساتھ گینگ ریپ  کا معاملہ درج کرایا ہے۔مظفرپور کے بالیکا گریہہ سے بچائے جانے کے بعد یہ متاثرہ بتیا شہر میں اپنے رشتہ داروں کے یہاں رہ رہی تھی۔

مغربی چمپارن ضلع صدر دفتر بتیا کے نگر تھانہ انچارج ششی بھوشن ٹھاکر نے اتوار کو بتایا کہ متاثرہ کی شکایت کی بنیاد پر ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔ متاثرہ کو میڈیکل کے لئے سنیچر کی دیر شام سرکار ی میڈیکل کالج اینڈ ہاسپٹل میں داخل  کرایا گیا تھا۔ اس کی میڈیکل جانچ سوموار کو ڈاکٹروں کی ٹیم کے ذریعے کی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ خاتون تھانہ انچارج پونم کماری نے ہاسپٹل پہنچ‌کر معاملے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔18 سالہ متاثرہ نے اپنی شکایت میں کہا ہے کہ جمعہ کی رات وہ اپنے محلّے میں ہی تھی۔ اسی دوران کار سوار چار لوگوں نے اس کو اغوا کرکے ایک گاڑی میں کھینچ لیا۔

شکایت کے مطابق، ملزمین نے چلتی گاڑی میں اس کے ساتھ ریپ کیا اور پھر اس کو واپس محلّے کے پاس چھوڑ‌کر فرار ہو گئے۔ متاثرہ کے مطابق، ملزمین نے نقاب پہن رکھا تھا، لیکن مخالفت کے دوران متاثرہ ان کا نقاب ہٹانے میں کامیاب رہی۔ تمام نوجوان ایک ہی فیملی کے ہیں۔

نگر تھانہ انچارج نے بتایا کہ سنیچر کو متاثرہ نے نگر تھانہ میں  شکایت درج کرائی۔ جس کے بعد اس کو خاتون تھانہ کی نگرانی میں ہاسپٹل میں داخل کرایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ میڈیکل رپورٹ آنے کے بعد ہی ریپ کی تصدیق ہو پائے‌گی۔

گزشتہ سال مظفرپور  واقع ایک بالیکا گریہہ میں 34 لڑکیوں کے ساتھ جنسی استحصال کا معاملہ روشنی میں آنے پر گزشتہ سال 26 جولائی کو ریاستی حکومت نے اس کی تفتیش سی بی آئی کو سونپ دی تھی۔

واقعہ کے بعد بہار کی سابق وزیراعلیٰ رابڑی دیوی نے ٹوئٹ کر کےکہا ہے، ‘ بہار کی راکشسی حکومت کے پروردہ مجرم حیوانیت کی تمام حدود پار‌کر رہے ہیں۔ دنیامیں مشہور مظفرپور بالیکا گریہہ ریپ اسکینڈل کی ایک متاثرہ کے ساتھ بہار میں پھر سے گینگ ریپ ہوا ہے۔ بہار میں ماں بہن، بیٹی کی کوئی عزت اور حفاظت نہیں ہے۔ حکومت ناکام ہے۔ ‘

آر جے ڈی  رہنما تیجسوی یادو نے ٹوئٹ کرکے کہا، ‘ گڈ گورننس  کا چیرہرن کرکے مظفرپور بالیکا گریہہ ریپ اسکینڈل میں متاثرہ کا چلتی گاڑی میں غنڈوں نے پھر کیا گینگ ریپ۔ ایسا لرزہ خیز اسکینڈل ہونے کے بعد بھی حکومت سوتی رہی اور پھر متاثرہ کا ریپ ہو گیا۔ بہار میں مجرم، ریپیسٹ، بد عنوانی میں ملوث لوگ  تانڈوکررہے ہیں ۔ سی ایم جواب دیں۔ ‘

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)