پولیس کے مطابق، ماؤوادیوں نے اڑیسہ کے کندھمال ضلع کے لوگوں سے ووٹنگ کا بائیکاٹ کرنے کو کہا تھا۔ ضلع کے فرنگیا پولیس تھانہ حلقہ کے ایک دوسرے گاؤں میں ماؤوادیوں نے الیکشن افسروں کو پولنگ بوتھ لے جا رہی گاڑی میں آگ لگا دی۔
(فوٹو بہ شکریہ : اے این آئی)
نئی دہلی: اڑیسہ کے کندھمال ضلع میں بدھ کو دوسرے مرحلے کی ووٹنگ کے ایک دن پہلے ماؤوادیوں نے دو واقعات کو انجام دیا۔ ایک واقعہ میں ماؤوادیوں نے پولنگ بوتھ جا رہی ایک خاتون الیکشن افسر کا گولی مارکر قتل کر دیا جبکہ دوسرے واقعہ میں انہوں نے الیکشن کمیشن کی گاڑی میں آگ لگا دی۔پولیس نے یہ جانکاری دی۔ دونوں واقعات ماؤوادی متاثرہ علاقے کندھمال ضلع کے ہیں۔ ماؤوادیوں نے یہاں لوگوں سے انتخاب کا بائیکاٹ کرنے کو کہا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ ماؤوادیوں نے خاتون الیکشن افسر کو اس وقت نشانہ بنایا، جب وہ دوسرے مرحلے کے ووٹنگ کے لئے منگل کو انتخابی ملازمین کی ایک ٹیم کو پولنگ بوتھ لےکر جا رہی تھیں۔ڈی جی پی، بی کے شرما نے بتایا کہ سیکٹر افسر سنیکتا دگل کو اس وقت گولی ماری گئی، جب وہ بلاندپاڑا گاؤں کے پاس جنگل سے گزرتے وقت سڑک پر پڑی ایک مشتبہ چیز کو دیکھنے کے لئے گاڑی سے نیچے اتری تھیں۔
یہ گاؤں گوچھاپاڑا پولیس تھانہ کے تحت آتا ہے۔ حالانکہ، گاڑی میں موجود چار دوسرے الیکشن اہلکار محفوظ ہیں اور ان کو کوئی نقصان نہیں پہنچا ہے۔واقعہ کندھمال لوک سبھا سیٹ کے تحت آنے والے پھول بنی اسمبلی حلقہ میں ہوا۔
پتریکا میں چھپی خبر کے مطابق؛ سنیکتا دگل کی پولنگ ٹیم جب اپنی منزل کی طرف جا رہی تھی، بلاندپاڑا کے پاس بارودی سرنگ میں بلاسٹ ہوا۔
پولنگ ٹیم وہیں رک گئی۔ سنیکتا دگل گاڑی سے اترکر سڑک پر کھڑی تھیں۔ اسی دوران نکسلیوں نے گولی چلا دی۔ دگل کے سر میں گولی لگی۔ شدید طور سے زخمی دگل کو ضلع اسپتال لے جایا گیا لیکن ڈاکٹروں نے ان کو مردہ قرار دے دیا۔حالانکہ پولنگ ٹیم کے دوسرے ممبر جان بچانے میں کامیاب رہے۔ بعد میں نکسلیوں نے پولنگ ٹیم کی گاڑیوں کو آگ لگا دی۔
دوسرا واقعہ فرنگیا پولیس تھانہ حلقے کے ایک دوردراز گاؤں کا ہے۔ ماؤوادیوں نے الیکشن افسروں کو پولیگ بوتھ لے جا رہی الیکشن کمیشن کی گاڑی میں آگ لگا دی۔کندھمال کلکٹر اسسٹنٹ االیکشن افسر ڈی برونڈا نے کہا، ‘ اس سے متعلق شروعاتی رپورٹ کے مطابق یونیفارم پہنے مسلح ماؤ وادیوں نے پہلے پولنگ بوتھ کے افسروں کو گاڑی سے نیچے اترنے کو کہا اور پھر اس میں آگ لگا دی۔ ‘
پولیس کو شک ہے کہ ان دونوں واقعات کے پیچھے سی پی آئی (ماؤوادی) کے ،کے کے بی این (کالاہانڈی-کندھمال-بودھ-نیاگڑھ) حصے کا ہاتھ ہے۔کچھ دن پہلے ماؤوادیوں نے ضلع میں پوسٹر اور بینر لگاکر لوگوں سے انتخاب کا بائیکاٹ کرنے کو کہا تھا۔ کندھمال ضلع میں ماؤوادیوں کی موجودگی کو دیکھتے ہوئے الیکشن کمیشن نے یہاں کے سات انتخابی حلقوں میں ووٹنگ کا وقت صبح 7 بجے سے شام 4 بجے تک رکھا ہے۔
اڑیسہ میں لوک سبھا اور اسمبلی دونوں کے لئے ایک ساتھ ووٹنگ ہو رہی ہے۔ آج پانچ لوک سبھا سیٹ اور 35 اسمبلی سیٹوں کے لئے ووٹنگ ہو رہی ہے۔ پہلے مرحلے کی ووٹنگ 11 اپریل کو ہوئی تھی۔اس کے علاوہ ریاست میں 2 اور مرحلے مہں 23 اور 29 اپریل کو ووٹنگ ہونے والی ہے۔
(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)