پرینکا گاندھی کا دعویٰ–ایل آئی سی کا پیسہ گھاٹے والی کمپنیوں میں لگارہی ہے مودی حکومت

06:48 PM Sep 20, 2019 | دی وائر اسٹاف

پرینکا گاندھی نے کہا کہ ،ملک میں ایل آئی سی بھروسہ کا دوسرا نام ہے۔ہندوستان کے عام لوگ اپنی محنت کی کمائی مستقبل کے لئے ایل آئی سی میں لگاتے ہیں،لیکن مودی حکومت ان کےبھروسہ کو توڑ تے ہوئے ایل آئی سی کا پیسہ گھاٹے والی کمپنیوں میں لگا رہی ہے۔

پرینکا گاندھی، فوٹو بہ شکریہ: ٹوئٹر/@INCIndia

نئی دہلی:  کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا  گاندھی نے جمعہ کو ایک میڈیا رپورٹ کا  حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ایل آئی سی کا پیسہ گھاٹے والی کمپنیوں میں خرچ کر رہی ہے مودی حکومت۔انہوں نے کہا کہ،مودی حکومت لائف انشورنس کارپوریشن آف انڈیا (ایل آئی سی )کا پیسہ گھاٹے میں چل رہی  کمپنیوں میں انویسٹ کر رہی ہے،جس کی وجہ سے عام لوگوں کا بھروسہ ٹوٹ رہا ہے۔پرینکا گاندھی نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ یہ کیسی پالیسی ہے،جوصرف نقصان دے رہی ہے۔

انہوں نے اپنے ایک ٹوئٹ میں  کہا کہ ، ملک میں ایل آئی سی بھروسہ کا دوسرا نام ہے۔ہندوستان کے عام لوگ اپنی محنت کی کمائی مستقبل کے لئے ایل آئی سی میں لگاتے ہیں،لیکن مودی حکومت ان کےبھروسہ کو توڑ تے ہوئے ایل آئی سی کا پیسہ گھاٹے والی کمپنیوں میں لگا رہی ہے۔ یہ کیسی پالیسی ہے جو صرف نقصان کی پالیسی بن گئی ہے۔

کانگریس جنرل سکریٹری  نے ایک میڈیا رپورٹ کا حوالہ دیا ہے ۔ اس رپورٹ کے مطابق ،شئیر بازار میں سیل آف  کی وجہ سے کئی کمپنیاں پریشان ہیں اور پچھلے ڈھائی مہینوں  میں ایل آئی سی کو شئیربازار میں  سرمایہ کاری سے تقریباً 57000 کروڑ روپیہ کا نقصان ہو چکا ہے۔

واضح رہے کہ ایل آئی سی نے جن کمپنیوں میں انویسٹمنٹ کیا تھا ،ان کمپنیوں کی بازارپونجی  میں گراوٹ درج کی گئی ہے۔اسی بنیاد  پرینکا گاندھی نے سوال اٹھایا ہے کہ یہ کیسی پالیسی ہے،جو محض نقصان دے رہی ہے۔

(خبررساں ایجنسی پی ٹی آئی کے ان پٹ کے ساتھ)