ملک میں ایچ آئی وی/ایڈس سے سب سے زیادہ متاثرریاست میزورم ہے، جہاں 17897 لوگ اس بیماری سے جوجھ رہے ہیں۔ریاست میں ہر دن ایڈس کے اوسطاً 9 نئے معاملے سامنے آتے ہیں۔
نئی دہلی: میزورم میں ایچ آئی وی ایڈس سے 17 ہزار 897 لوگ متاثر ہیں اور یہ اعداد وشمار ملک میں سب سے زیادہ ہے۔اس سال کی شروعات سے اب تک اوسطاً ہر روز ایچ آئی وی/ایڈس کے 9 مریض سامنے آ رہے ہیں۔ورلڈ ایڈس ڈےکے موقع پر میزورم اسٹیٹ ایڈس کنٹرول سوسائٹی کی جانب سے جاری اعداد وشمار میں یہ جانکاری دی گئی ہے۔
ملک میں ایچ آئی وی/ایڈس سے سب سے زیادہ متاثر ریاست میزورم ہے، جہاں 17897 لوگ اس بیماری کی زد میں ہیں۔ ریاست میں ہر دن ایڈس کے اوسطاً 9 نئے معاملے سامنے آتے ہیں۔
ایڈس ڈے کے موقع پر اعداد وشمارجاری کرتے ہوئے میزورم اسٹیٹ ایڈس کنٹرول سوسائٹی (ایم ایس اے سی ایس )کے حکام نے بتایا کہ ملک کی سب سے کم آبادی والی ریاستوں میں شامل میزورم میں ایچ آئی وی کے لیے 25-34 عمر کے زمرہ میں 42 فیصدسے زیادہ کے جانچ نتائج مثبت رہے۔
ہرسال ایک دسمبر کو ورلڈ ایڈس ڈےمنایا جاتا ہے اور اس موقع پراتوار کو بیداری لانے کے لیے کئی تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔ایڈس ڈے کے موقع پر پوری ریاست اس طرح کے کئی پروگرام چلائے گئے۔
حکام نے بتایا کہ 2018-19 میں 2557 تازہ معاملے سامنے آئے ہیں جو ریاست کی دس لاکھ کی آبادی کے حساب سے بہت زیادہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایچ آئی وی مریضوں کی کل تعدادمیں چھ ہزار سے زیادہ خواتین ہیں۔
حکام نے بتایا کہ پہلے نشیلی اشیا کے عادی لوگوں اور سیکس ورکرکے بیچ ایچ آئی وی کی شرح زیادہ تھی، لیکن اب دوسرے طبقے میں بھی ایسے معاملے بڑھے ہیں۔ حکام نے عیسائی اکثریت والی اس ریاست میں مساےئل سے لڑنے کے لیے رہنماؤں ،سو ل سوسائٹی کے ممبروں اور چرچوں سے مددمانگی ہے۔
(خبررساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)