کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے کرناٹک میں ایک انتخابی ریلی کے دوران کہا کہ بی جے پی کی تشدد کی سیاست کا نتیجہ آج منی پور میں نظر آرہا ہے۔ منی پور جل رہا ہے، لیکن وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ کرناٹک میں انتخابی مہم چلا رہے ہیں۔
راہل گاندھی۔ (فوٹو بہ شکریہ: فیس بک)
نئی دہلی: کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے اتوار کو کہا کہ بی جے پی کی ‘نفرت اور تشدد کی سیاست’ کا نتیجہ منی پور میں سب کو نظر آ رہا ہے،منی پور ‘جل رہا ہے’۔ انہوں نے ‘کرناٹک میں بدعنوانی پر مودی کی خاموشی’ پر بھی سوال اٹھایا۔
راہل نے کرناٹک کی راجدھانی بنگلورو کے پلکیشی نگر انتخابی حلقہ میں ایک جلسہ عام میں کہا، ان کی (بی جے پی) تشدد کی سیاست کا نتیجہ آج منی پور میں نظر آرہا ہے۔ منی پور جل رہا ہے، لیکن وزیر اعظم (نریندر مودی) اور وزیر داخلہ (امت شاہ) کرناٹک میں انتخابی مہم چلا رہے ہیں۔ منی پور میں کشیدگی کی وجہ نفرت اور تشدد کی سیاست ہے۔ کانگریس لوگوں کو جوڑنے کا کام کر رہی ہے۔
انڈین ایکسپریس میں شائع ایک رپورٹ کے مطابق، انہوں نے کہا کہ پی ایم مودی کو دہشت گردی کے معاملے پر کانگریس کو سکھانے کا کوئی حق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا، ‘دہشت گردی کی وجہ سے کانگریس نے دو وزیراعظم اور ہزاروں کارکنوں کو کھویا ہے۔ دہشت گردی کی وجہ سے ہمارے خاندان کے دو افراد شہید ہوئے۔ مودی جی، کیا آپ ہمیں دہشت گردی کے بارے میں سکھارہے ہیں؟
بی جے پی کی قیادت والی کرناٹک حکومت کے خلاف بدعنوانی کے الزامات پر پی ایم کو نشانہ بناتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا، ڈبل انجن والی حکومت کے ہر انجن کو ریاست میں ’40 فیصد کمیشن’ سے کتنا ملا؟ کرناٹک میں پچھلے تین سالوں سے بی جے پی کی حکومت ہے اور وزیر اعظم یہاں کی بدعنوانی سے واقف ہیں۔ آپ اسے صرف ڈبل انجن والی حکومت ہی کہتے ہیں۔ اس بار، ڈبل انجن چوری ہو گیا ہے۔
انہوں نے سب انسپکٹرز، اسسٹنٹ پروفیسرز اور اسسٹنٹ انجینئروں کی بھرتی اور کرناٹک سوپ اینڈ ڈٹرجنٹ لمیٹڈ (کے ایس ڈی ایل) میں بڑے پیمانے پر بے ضابطگیوں کا الزام لگایا۔
انہوں نے مارچ میں مبینہ کیش فار کانٹریکٹ معاملے میں بی جے پی ایم ایل اے اور کے ایس ڈی ایل کے سابق صدر
مدل ویروپکشپا کے بیٹے پرشانت مدل کی گرفتاری اور ایم ایل اے باسنا گوڑا پاٹل یتنال کے پچھلے سال کے الزامات کا بھی حوالہ دیا کہ ‘انہیں 2500 کروڑ روپے کے بدلے میں وزیر اعلیٰ کے عہدے کی پیش کش کرنے کے لیے دہلی کے لوگوں نے رابطہ کیا تھا۔
کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے بھی بدعنوانی کا مسئلہ اٹھایا اور کہا کہ اس وقت کرناٹک میں لوٹ مار، مہنگائی اور بے روزگاری جیسے مسائل ہی اصلی ‘دہشت گردی’ ہیں۔ انہوں نے یہ تبصرہ جنوبی کنڑ ضلع کے مدبیدری میں ایک جلسہ عام میں کیا۔
انہوں نے کہا، ‘وہ آپ (لوگوں) کے حقیقی مسائل پر بات نہیں کر رہے ہیں۔ میں بی جے پی لیڈروں کو بتانا چاہتی ہوں کہ مہنگائی، بے روزگاری اور بی جے پی حکومت کی 40 فیصد کرپشن ہی اصل دہشت گردی ہے۔
انہوں نے کہا کہ انتخابات سے پہلے کیے گئے وعدوں سے متاثر ہونے کے بجائے لوگوں کو اس بنیاد پر ووٹ دینا چاہیے کہ بی جے پی نے پچھلے تین سالوں میں کیا کیا ہے۔
دریں اثنا، دن کی شروعات میں راہل گاندھی نے بنگلورو کے ایک ہوٹل میں گگ ورکرس اور مختلف فرموں کے ڈیلیوری پارٹنرز کے ساتھ بات چیت کی۔ پارٹی نے کہا کہ راہل گاندھی نے ‘ڈیلیوری ورکرس کی زندگیوں، مستحکم روزگار کی کمی اور بنیادی اشیاء کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر تبادلہ خیال کیا۔’
راہل گاندھی بعد میں ایک ڈیلیوری بوائے کے ساتھ موٹر سائیکل کی پچھلی سیٹ پر بیٹھ کر چلے گئے۔