لاک ڈاؤن: یوپی میں فصل کٹائی کے لیے مزدور نہ ملنے سے پریشان کسان نے پھانسی لگائی

معاملہ اتر پردیش کے باندہ ضلع کا ہے۔ 52 سالہ کسان رام بھون شکلا دو دن سے فصل کاٹنے کے لیے گاؤں میں مزدور ڈھونڈ رہے تھے، مگر لاک ڈاؤن کی وجہ سے مزدور نہیں مل رہے تھے۔

معاملہ اتر پردیش کے باندہ ضلع کا ہے۔ 52 سالہ  کسان رام بھون شکلا دو دن سے فصل کاٹنے کے لیے گاؤں میں مزدور ڈھونڈ رہے تھے، مگر لاک ڈاؤن کی وجہ سے مزدور نہیں مل رہے تھے۔

(فائل فوٹو: پی ٹی آئی)

(فائل فوٹو: پی ٹی آئی)

نئی دہلی: یو پی کے باندہ  ضلع کے جاری گاؤں میں گیہوں کی پکی فصل کاٹنے کے لیے مبینہ طور پر مزدور نہ ملنے سے پریشان ایک کسان نے پھانسی لگاکر خودکشی کر لی۔اے ایس پی لال بھرت کمار پال نے اتوارکو بتایا کہ دیہات کوتوالی حلقہ کے جاری گاؤں میں 52 سالہ  کسان رام بھون شکلا کی لاش  سنیچر کو گاؤں کے باہر ایک پیڑ کی ڈال میں پھانسی کے پھندے سے لٹکتی  پائی  گئی۔

انہوں نے بتایا کہ پوسٹ مارٹم کرانے کے بعدلاش  اس کے اہل خانہ  کو سونپ دی گئی ہے اور معاملے کی جانچ کی جا رہی ہے۔

کسان کے اہل خانہ  نے بتایا کہ بے موسم ہوئی بارش کے پانی میں ڈوب کر مسور کی فصل سڑ گئی تھی اور اب گیہوں کی فصل پک کر کھیت میں کھڑی برباد ہو رہی ہے۔ رام بھون دو دن سے فصل کاٹنے کے لیے گاؤں میں مزدور ڈھونڈ رہے تھے، مگر بند ہونے کی وجہ سے مزدور نہیں مل رہے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ رام بھون سنیچر کو مزدور ڈھونڈنے کی بات کہہ کر گھر سے نکلے تھے۔ ممکنہ طور پرمزدور نہ ملنے سے پریشان ہوکر انہوں نے خودکشی کر لی ہے۔بتا دیں کہ، حال ہی میں آئی ایک خبر میں مغربی  اتر پردیش کے کسان رہنماؤں نے وارننگ  دی تھی  کہ کھیتی کسانی سے جڑی پریشانیوں کو وقت رہتے نہیں سلجھایا گیا تو بیماری سے زیادہ بھوک مری سے موتیں ہوں گی۔

(خبررساں  ایجنسی بھاشاکے ان پٹ کے ساتھ)