اسٹینڈ اپ کامیڈین کنال کامرا نے دہلی ہائی کورٹ میں عرضی داخل کرکے ڈی جی سی اے کو پابندی ہٹانے کے لیے ایئرلائنس کو ہدایت دینے کی اپیل کی ہے۔
کنال کامرا، فوٹو بہ شکریہ: فیس بک
نئی دہلی: اپنے ایک ہوائی سفر کے دوران صحافی ارنب گوسوامی کومبینہ طورپر پریشان کرنے کے لیے اسٹینڈ اپ کامیڈین کنال کامرا پر جانچ کیے بنا انڈیگو کے غیر متعینہ مدت تک پرواز پر
پابندی لگانے کے معاملے میں دہلی ہائی کورٹ نے منگل کو کہا کہ ڈی جی سی اے کو انڈیگو کے علاوہ دوسرے ایئرلائنس کی کارروائی کی تصدیق نہیں کرنی چاہیے تھی۔کامرا نے اپنی عرضی میں کہا کہ انڈیگو نے انٹرنل کمیٹی کے کسی فیصلہ پر پہنچنے سے پہلے ہی ان پر چھ مہینے کی پابندی لگا دی جبکہ دوسری ایئرلائنس ایئر انڈیا، اسپائس جیٹ اور گوایئر نے بھی ان پر اس طرح کی پابندی لگا دی۔
کامیڈین کی جانب سے پیش سینئر وکلاء وویک تنکھا، گوپال شنکرنارائن اور موہت ماتھر نے ہائی کورٹ کا رخ کرکے ڈی جی سی اے کو پابندی ہٹانے کے لیے ایئرلائنس کو ہدایت دینے کی اپیل کی ہے۔انہوں نے سی اے آر کی مبینہ خلاف ورزی میں کارروائی کرنے کے لیے ایئرلائنس کے خلاف کارروائی کی بھی مانگ کی ہے۔
جسٹس نوین چاولہ نے ڈی جی سی اے کو یہ بتانے کے لیے کہا کہ وہ دوسری ایئرلائنس کے ذریعے کی گئی کارروائی کے بارے میں کیا قدم اٹھانے کا ارادہ رکھتا ہے۔عدالت نے معاملے کی اگلی شنوائی کی تاریخ27 فروری طے کی۔
بتا دیں کہ اس سے پہلے کنال کامرا نے انڈیگو ایئرلائنس کو قانونی نوٹس بھیجا تھا۔
کامرا نے ایئرلائن کو نوٹس بھیج کر ان پر لگے چھ مہینے کی پروازپرپابندی کو ہٹانے، بنا شرط معافی مانگنے اور 25 لاکھ روپے کے ہرجانے کی مانگ کی تھی۔
(خبررساں ایجنسی بھاشاکے ان پٹ کے ساتھ)