معاملہ باگل کوٹ ضلع کا ہے۔ الزام ہے کہ ایک خاتون نے مبینہ طور پر 23 مارچ کو پاکستان کے یوم جمہوریہ کی مبارکباد دیتے ہوئے وہاٹس ایپ اسٹیٹس پوسٹ کیا تھا، جس کے بعد انہیں ایک شخص کی شکایت پر ‘دشمنی پھیلانے’ کے الزام میں گرفتار کیا گیاتھا۔ تاہم اب خاتون کو ضمانت مل گئی ہے۔
نئی دہلی: کرناٹک کے باگل کوٹ ضلع میں ایک 25 سالہ خاتون کو پاکستان کے یوم جمہوریہ کی مبارکباد کے لیے وہاٹس ایپ اسٹیٹس پوسٹ کرنے کے الزام میں 24 مارچ کوگرفتار کیا گیاتھا۔
پاکستان کا یوم جمہوریہ 23 مارچ کو ہوتا ہے۔
انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق، خاتون کی جانب سے پوسٹ کیے گئے وہاٹس ایپ پیغام میں کہا گیا تھاکہ ‘خدا ہر قوم کو امن، اتحاد اور ہم آہنگی سے نوازے’۔
خاتون کی شناخت کٹھما شیخ کے طور پر کی گئی ہے جو شمالی کرناٹک کے باگل کوٹ ضلع کے مدھول شہر کی رہنے والی ہے۔ وہ ایک مقامی مدرسے کی طالبہ ہے۔
ایک پولیس افسر نے بتایا کہ شیخ کو امن و امان برقرار رکھنے کے لیے گرفتار کیا گیا۔ خاتون کو 25 مارچ کو ضمانت پر رہا کیا گیا تھا۔
پولیس نے ارون کمار بھجنتری نامی ایک شخص کی شکایت پر خاتون کو گرفتار کیا، جس نے الزام لگایا کہ یہ خاتون پاکستان کے یوم جمہوریہ کی مبارکباد دے کر دونوں برادریوں کے درمیان دشمنی پیدا کر رہی تھی۔
پولیس نے آئی پی سی کی دفعہ 153 (اے) (مذہب، ذات پات، نسل کی بنیاد پر مختلف گروہوں کے درمیان دشمنی پیدا کرنا) اور 505 (2) (مختلف گروہوں کے درمیان دشمنی کو فروغ دینے والے بیانات دینا) کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔
وکیل اور آر ٹی آئی کارکن بھیمانا گوڈا پیراگونڈا نے اسکرول کو بتایا کہ بھجنتری کے ذریعہ لگائے گئے الزامات قانونی پیمانے پر کھڑے نہیں اترتے۔ پولیس کے ہاتھوں بے گناہ لوگوں کو تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
Bagalkot police arrested Kuthma Sheikh following a complaint that she was wishing on Pakistan’s Republic Day. Her WhatsApp status on Mar 23, in Urdu read "Allah Har Mulk Me Ittehad, Aman, Sukoon ata farma Maula.. Ameen". "May God bless every nation with peace, unity and harmony" pic.twitter.com/tZqbQHB8tZ
— Mohammed Zubair (@zoo_bear) March 27, 2022
A Muslim woman is arrested in India for wishing Pakistan peace and harmony on Pakistan’s National Day!
— Ashok Swain (@ashoswai) March 27, 2022
دوسری جانب کچھ ٹوئٹر صارفین نے باگل کوٹ پولیس کی جانب سے ملک کے ہر شہری کے لیے امن، اتحاد اور ہم آہنگی کی خواہش مند خاتون کو گرفتار کرنے کے فیصلے پر سوال اٹھایا ہے۔
لوگ اس بات کا بھی ذکر کر رہے ہیں کہ گزشتہ سال وزیر اعظم نریندر مودی نے پاکستان کے کے قومی دن پروہاں کےوزیر اعظم عمران خان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا تھا کہ ہندوستان پاکستان کے لوگوں کے ساتھ خوشگوار تعلقات چاہتا ہے۔
اس سے قبل سال 2015 میں بھی وزیر اعظم مودی نے پاکستان کے اس وقت کے وزیر اعظم نواز شریف کو ان کے یوم جمہوریہ کے موقع پر مبارکباد دی تھی۔