ٹیلی کام کمپنی بھارتی ائیر ٹیل نے الزام لگایا ہے کہ ریلائنس جیو کایہ فیصلہ انٹرکنیکٹ چارج (آئی یو سی)کو نیچے لانے کا دباؤ بنانے کی کوشش ہے۔
نئی دہلی: ریلائنس جیو نے لبھانے والے آفر دے کر بڑی تعداد میں صارفین بنانے کے بعد اب ان سے کال کا پیسہ وصول کرنے کا اعلان کیا ہے۔اب جیو کمپنی صارفین سے کسی دیگرکمپنی کے نیٹ ورک پر کال کرنے پر 6 پیسے فی منٹ کی شرح سے پیسے وصول کرے گی۔کمپنی نے کہا ہے کہ وہ اس کی بھرپائی کے لیے صارفین کو یکساں قیمت کا مفت ڈیٹا دے گی۔
جو بھی جیو صارفین ووڈافون،آئیڈیا یا ایئر ٹیل کے نمبر پر کال کرنا چاہتے ہیں،تو انہیں اضافی آئی یو سی منٹ کے لیے 10 روپے ،20 روپے،50 روپے اور 100 روپے کے اضافی ٹاپ-اپ واؤچر خریدنے ہوں گے۔ابھی تک جیوکے صارفین کو صرف ڈیٹا کے لیے پیسہ دینا ہوتا تھا۔کمپنی نے بدھ کو اس کی جانکاری دی۔
کمپنی نے بیان میں کہا کہ اس وقت تک کسی کمپنی کو اپنے صارفین کے ذریعہ کسی دیگر نیٹ ورک پر فون کرنے کے عوض میں ادائیگی کرنی ہوگی،جب تک صارفین سے یہ پیسہ لیا جائے گا۔کمپنی نے کہا کہ جیو کے فون یا لینڈ لائن پر کال کرنے پر پیسہ نہیں لیا جائے گا۔ا س کے ساتھ ہی وہاٹس ایپ اور فیس ٹائمس سمیت اس طرح کے دیگر پلیٹ فارم سے کیے گئے فون کال پر بھی پیسہ نہیں لگے گا۔سبھی نیٹ ورک کے ان کمنگ فون مفت ہوں گے۔
حالانکہ ٹیلی کام کمپنی بھارتی ائیر ٹیل نے الزام لگایا ہے کہ ریلائنس جیو کا یہ فیصلہ آئی یو سی کو نیچے لانے کا دباؤ بنانے کی کوشش ہے۔آئی یو سی وہ چارج ہے جو ایک کمپنی کے موبائل آپریٹر کے ذریعہ دوسری کمپنی کے موبائل آپریٹر کو کال کرنے پر وصول کیا جاتا ہے۔ریلائنس جیو کے مطابق یہ پیسہ ٹرائی کے ذریعہ متعین کیا گیا ہے۔
ائیرٹیل نے اس کے ساتھ ہی کہا کہ آئی یو سی کا موجودہ جاری کیا گیا تجزیہ اس بارے میں ٹیلی کام ریگولیٹری اتھارٹی آف انڈیا (ٹرائی)کے ذریعہ پہلے جتائی گئی منشا کے مطابق ہے۔اس سے پہلے ریلائنس جیو نے بدھ کو اعلان کیا کہ وہ صارفین سے کسی دیگر کمپنی کے نیٹ ورک پر کال کرنے پر 6 پیسے فی منٹ کی شرح سے چارج لے گی۔کمپنی اس کی بھرپائی کے لیے صارفین کو یکساں قیمت کا مفت ڈیٹا دے گی۔
جیو نے ٹرائی پر آئی یو سی کے مدعے اپنے رخ کو پلٹنےکا الزام لگاتے ہوئے یہ چارج لگانے کا اعلان کیا ہے۔جیو کے اس اعلان کے بعد سنیل متل کی بھارتی ائیرٹیل کا یہ بیان آیا ہے۔جیو کا نام لیے بنا ائیرٹیل نے بیان میں بتایا کہ ،ہمارے ایک حریف نے وائس کال پر 6پیسے منٹ کا چارج لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے یہ سمجھانے کی کوشش کی ہے کہ ٹرائی نے ا س مدعے کو پھر کھول دیا ہے۔
ائیر ٹیل نے کہا کہ یہ تجزیہ اصل میں اس بارے میں ٹرائی کے 2017 کے رخ کےمطابق ہے۔اس وقت ٹرائی نے کہا تھا کہ نئی ٹکنا لوجی اور چارج کے طریقے کی بنیاد پر اس مدعے کا پھر سے جائزہ لیا جائےگا۔
(خبر رساں ایجنسی بھاشاکے ان پٹ کے ساتھ)