سمڈیگا ضلع کا معاملہ۔ دونوں خاتون سنیچر سے لاپتہ تھیں۔ رشتہ داروں کا الزام ہے کہ ان کا قتل کیا گیا ہے۔
نئی دہلی: جھارکھنڈ کے سمڈیگا تھانہ حلقہ کے اٹکانی گاؤں میں پنچایت بھون کے پیچھے اتوار کی صبح ضلع میں دو آدیواسی خاتون ہاکی کھلاڑیوں کی لاش ایک درخت سے لٹکی ملی ہیں۔ ان کی فیملی کے لوگوں نے قتل کا الزام لگایا ہے۔ایک سینئر پولیس افسر نے منگل کو یہ جانکاری دی۔ افسر نے کہا کہ دونوں خاتون ہاکی کھلاڑی-سنندنی باگے (23) اور شردھا سورینگ (18) سنیچر سے لاپتہ تھی۔ سمڈیگا ضلع کے بیرو گاؤں میں اتوار کو ان کی لاش ایک درخت سے لٹکی ہوئی پائی گئی۔دینک بھاسکر کی خبر کے مطابق ان کی لاش جس طرح سے درخت سے ایک ہی رسی کے پھندے میں جھولتی اور پیر زمین سے تقریباً سٹے ہوئے ملے ہیں، اس سے رشتہ داروں نے قتل کا اندیشہ جتایا ہے۔
دونوں خاتون اسٹیل اتھارٹی آف انڈیا لمیٹڈ سیل کے سیل بورڈنگ کی ممبر بھی تھیں۔ دونوں کے رشتہ داروں نے الزام لگایا کہ ان کا قتل کیا گیا ہے۔پولیس قتل اور خودکشی دونوں پہلو پر چھان بین کر رہی ہے۔ پولیس افسر نے کہا کہ فیملی کے ممبروں کے ذریعے درج کرائی گئی شکایت کی بنیاد پر نامعلوم اشخاص کے خلاف انڈین پینل کوڈ 302(قتل)کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔سوموار کو سمڈیگا صدر ہاسپٹل میں لاشوں کا پوسٹ مارٹم کیا گیا اور ان کےآبائی گاؤں پر ان کا آخری رسوم کی ادائیگی کی گئی۔
سمڈیگا کے پولیس سپرنٹنڈنٹ سنجیو کمار نے منگل کو کہا کہ دو کھلاڑیوں کی موت کی وجہ کو بہت جلد سلجھا لیا جائےگا۔حالانکہ، انہوں نے یہ بتانے سے انکار کر دیا کہ یہ قتل کا معاملہ ہے یا خودکشی کا معاملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت اس طرح کے انکشاف سے تفتیش پر منفی اثر پڑےگا۔انہوں نے کہا، ‘ہم نے جھارکھنڈ اور اڑیسہ کے کئی لوگوں سے پوچھ تاچھ کی ہے اور کچھ اہم سراغ جمع کیے ہیں۔ اصل میں، ہماری ایک ٹیم ابھی بھی راؤرقلعہ میں ڈیرا ڈالے ہوئی ہے۔ ان کے شام کو لوٹنے کی امید ہے۔ ‘کمار نے پی ٹی آئی-بھاشا کو بتایا،’ پوسٹ مارٹم رپورٹ شام تک یا کل صبح تک ہمارے پاس پہنچنے کی امید ہے۔ اس کے بعد ہی ہم کچھ کہہ پانے کی حالت میں ہوںگے۔ ‘
شردھا سمڈیگا ضلع کے بانسجور تھانہ حلقے کے بھکمنڈا پتراٹولی گاؤں کی رہنے والی تھی اور اڑیسہ کے سندرگڑھ ضلع کے بیرمترپر میں ایک اسکول کی طالبہ تھی، جبکہ سنندنی اڑیسہ کے سندرگڑھ ضلع کے گپٹولا لچرا گاؤں کی رہنے والی تھی۔دونوں راؤرقلعہ میں ایک ہاکی ٹریننگ سینٹر میں تربیت لیا کرتی تھی اور دوست بن گئی تھی۔ ایس پی نے کہا، ‘ حالانکہ، وہ باقاعدگی سے ایک ساتھ نہیں رہتی تھیں، لیکن وہ دونوں سمڈیگا اور سندرگڑھ میں ایک دوسرے کے گھر پر اکثر آتی-جاتی رہتی تھی۔ ‘مقامی اخبار کے مطابق شردھا سنیچر کو اپنے گھر میں یہ بولکر نکلی تھی کہ وہ اڑیسہ واقع اپنے اسکول میں پڑھائی کے لئے جا رہی ہے، وہیں سنندنی کے رشتہ داروں کو پتہ نہیں تھا کہ ان کی بیٹی کس کے ساتھ اور کہاں گئی ہوئی ہے۔
اس بارے میں اب تک کوئی جانکاری نہیں ملی ہے کہ دونوں لڑکیاں سمڈیگا کے اٹکانی علاقے میں کس کام سے اور کس کے پاس آئی ہوئی تھیں۔ لوگوں کے مطابق سنیچر شام کو دونوں کو اٹکانی گاؤں سے تقریباً تین کلومیٹر پہلے واقع بیرو گاؤں میں دکان سے بسکٹ وغیرہ خریدتے دیکھا گیا تھا۔
(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)