پرانے جموں میں کامرشیل سینٹر رہے تاریخی سٹی چوک کا نام بدلنے کے فیصلے کو لےکر ملا جلا ردعمل سامنےآیاہے، جن میں سے اکثر لوگوں نے اس فیصلے کاخیر مقدم کیاہے، لیکن جے ایم سی سے نام بدلنے کے بجائے ترقیاتی کاموں اور صفائی پر زیادہ دھیان دینے کی اپیل کی گئی ہے۔
نئی دہلی: پرانے جموں میں کامرشیل سینٹر رہے تاریخی سٹی چوک کا نام بدل کر ‘بھارت ماتا چوک’ کر دیا گیا ہے۔بی جےپی کی قیادت والے جموں میونسپل کارپوریشن(جے ایم سی)کی عام سبھا نے اس سے متعلق تجویز کو پاس کیا تھا، جس کے بعد ایسا کیا گیا۔حکام نے اتوار کو یہ جانکاری دی۔چوک کا نام بدلنے کے فیصلے کو لے کر ملا جلا ردعمل سامنے آیاہے ، جن میں سے اکثر لوگوں نے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے، لیکن جے ایم سی سے نام بدلنے کے بجائے ترقیاتی کاموں اور صفائی پر زیادہ دھیان دینے کی اپیل کی گئی ہے۔
Jammu & Kashmir: City chowk & Circular Road chowk named Bharat Mata chowk & Atal ji chowk respectively, by Jammu Municipal Corporation. pic.twitter.com/INatn8bAXj
— ANI (@ANI) March 1, 2020
بی جےپی کی سینئررہنمااور جے ایم سی کی ڈپٹی میئر پورنیما شرما نے بتایا، ‘میں نے تقریباً چار مہینے پہلے عام سبھا میں ایک تجویز رکھی تھی ، جس میں عوام کی مانگ پر ‘سٹی چوک’ کا نام بدل کر ‘بھارت ماتا چوک’ رکھنے کی مانگ کی گئی تھی۔’انہوں نے کہا کہ اس تجویز کو پاس کر دیا گیا اور سٹی چوک کا نام بدل کر بھارت ماتا چوک کر دیا گیا۔
خبررساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق، شرما نے کہا، ‘یہ تاریخی مقام ہے اور ماضی میں اہم فیصلوں اور مظاہروں کا گواہ ہے۔ ہر سال لوگ اس چوک میں یوم جمہوریہ اور یوم آزادی پر ترنگا پھہرا رہے ہیں۔عوام سے اس چوک کا نام بدل کر بھارت ماتا چوک رکھنے کی ایک عام مانگ تھی۔’شہر میں پنج تیرتھی کے پاس سرکولر روڈ کے شروعاتی پوائنٹ کو سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی کی یاد میں جے ایم سی نے ‘اٹل چوک’ نام دیا تھا۔
بی جےپی نے 13سال کے وقفے کے بعد 8 اکتوبر سے 16 اکتوبر 2018 تک چار مرحلوں میں بلدیاتی انتخابات کے بعد 75 وارڈوں میں سے 43 میں جیت درج کی تھی۔مشہور رگھوناتھ مندر، سپر مارکیٹ، شالیمار اور کنک منڈی جیسے چار مصروف بازاروں کو جوڑ نے والے چوک پر جے ایم سی کی جانب سے لگایا گیا نیا بورڈ دیکھا گیا۔
ایک مقامی باشندے نے کہا، ‘ہم اس قدم کا خیرمقدم کرتے ہیں اور سمجھتے ہیں کہ مادر وطن کے لیے احترام ہر ایک دل میں ہونا چاہیے۔انتظامیہ کو بازار میں زیادہ پارکنگ جگہ بنانے اور جموں میں سیاحوں کو متوجہ کرنے پر توجہ مرکوزکرنی چاہیے، جس نے کٹرا میں مشہورماتا ویشنو دیوی شرائن کے لیے سیدھے ریل لنک کے ساتھ شہر کو بائی پاس کرنے کے بعد اپنی دلکشی کھو دی ہے۔’
حالانکہ، کنک منڈی بازار سنگھ کے جوائنٹ سکریٹری وی گپتا چوک کے نئے نام سے متاثر نہیں تھے اور کہا کہ یہ نہیں کرنا چاہیے تھا کیونکہ یہ شہر کا سب سے پرانا رہائشی اور کامرشیل سینٹر ہے۔گپتا نے کہا، ‘انہوں نے مقامی لوگوں سے صلاح لیے بنا رات میں بورڈ لگایا۔ یہ شہر کا سب سے پرانا رہائشی اورکامرشیل سینٹر ہے اور سٹی چوک کے نام سے جانا جاتا ہے۔ یہ ہمارے لیے حیران کن تھا۔’
ایک دوسرے دکاندار رمن شرما نے کہا کہ گراہک بازار سے بچ رہے ہیں کیونکہ بازار میں خاطرخواہ پارکنگ کی کمی ہے۔ ہمیں بدلے ہوئے نام کے ساتھ کوئی مسئلہ نہیں ہے، لیکن دکانداروں اور باشندوں کے مسائل کو دور کرنے پر توجہ مرکوز کی جانی چاہیے۔
(خبررساں ایجنسی بھاشاکے ان پٹ کے ساتھ)