کانگریس کے سینئر رہنما ابھیشیک سنگھوی نے کہا،میں نے ہمیشہ کہا ہے کہ مودی کو ولن کی طرح پیش کرنا غلط ہے۔ صرف اس لیے نہیں کہ وہ ملک کے وزیراعظم ہیں ،بلکہ ایسا کر کے ایک طرح سے اپوزیشن ان کی مدد کرتا ہے۔
کانگریسی رہنما ابھیشیک سنگھوی
نئی دہلی: کانگریس کے سینئر رہنما ابھیشیک سنگھوی نےاپنے ساتھی جئے رام رمیش کی حمایت کرتے ہوئے جمعہ کو کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کو ولن کی طرح پیش کرنا غلط ہے اور ایسا کرکے اپوزیشن ایک طرح سے ان کی مدد کرتا ہے۔سنگھوی نے رمیش کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے ٹوئٹ کیا،’میں نے ہمیشہ کہا ہے کہ مودی کو ولن کی طرح پیش کرنا غلط ہے۔ صرف اس لیے نہیں کہ وہ ملک کے وزیراعظم ہیں ،بلکہ ایسا کر کے ایک طرح سے اپوزیشن ان کی مدد کرتا ہے۔’
انھوں نے کہا ،’کام ہمیشہ اچھا ،برا یا معمولی ہوتا ہے۔کام کا تجزیہ شخصیت نہیں بلکہ مدعوں کی بنیاد پر ہونا چاہیے۔ جیسے اجولا یوجنا کچھ اچھے کاموں میں ایک ہے۔’دراصل کانگریسی رہنما جئے رام رمیش نے گزشتہ بدھ کو کہا تھا کہ وزیراعظم نریندر مودی کی حکومت کا ماڈل ‘پوری طرح منفی کہانی ‘نہیں ہے اور ان کے کام کی اہمیت کو قبول نہ کرکے اور ہر وقت ان کو ولن کی طرح پیش کرکے کچھ حاصل نہیں ہونے والا ہے۔
جئے رام رمیش نے کپل ستیش کومیریڈی کے ذریعے لکھی گئی ‘میل وولینٹ ری پبلک: اے شارٹ ہسٹری آف دی نیو انڈیا ‘کتاب کی رونمائی کے موقعے پر کہا کہ یہ وقت ہے،ہم مودی کے کام اور 2014 سے 2019 کے بیچ انھوں نے جو کیا اس کی اہمیت کو سمجھیں، جس کی وجہ سے وہ اقتدار میں لوٹے۔اسی کی وجہ سے 30 فیصدی ووٹرس نے ان کی حکومت واپس کروائی۔
انھوں نے کہا ،’وہ (مودی)ایسی زبان میں بات کرتے ہیں جو کہ ان کو عوام سے جوڑتی ہے۔اگر آپ ہمیشہ ان کو ولن کی طرح پیش کریں گے ،تو آپ ان سے مقابلہ نہیں کر سکتے ہیں۔’کرناٹک سے راجیہ سبھا ایم پی جئے رام رمیش نے کہا،’2019 میں ہم سبھی نے ان کے ایک یا دو پروگراموں کا مذاق بنایا۔لیکن سبھی انتخابی تجزیےمیں یہ بات نکل کر سامنے آئی ہے کہ پردھان منتری اجولا یوجنا ایک ایسا پروگرام ہے جس نے ان کو کروڑوں خواتین کے ساتھ جوڑ دیا۔’
انھوں نے مزید کہا،’اب اگر ہم اس اسکیم کی تنقید کرتے ہیں اور کہتے ہیں کہ یہ اعدادوشمار فرضی ہیں،تو ہم اس شخص کا سامنا نہیں کر پائیں گے۔’
(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)