پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی ہے۔واضح ہو کہ موت کے بعد مہاتما گاندھی کی باقیات کو ندی میں نہیں بہایا گیا تھا۔ ان کو الگ الگ حصوں میں بانٹ کر ملک میں بنے مختلف میوزیم میں رکھا گیا اس میں سے ایک ریو کا باپو بھون بھی ہے۔
نئی دہلی : مدھیہ پردیش کے ریوا ضلع واقع باپو بھون سے 2 اکتوبر کو مہاتما گاندھی کی باقیات چوری ہوگئی ہیں۔قابل ذکر ہے کہ 2 اکتوبر کو گاندھی کی 150 ویں سالگرہ منائی گئی تھی۔ رپورٹ کے مطابق ، گاندھی کی تصویر پر مشتمل ایک پوسٹر پر ‘اینٹی نیشنل ‘بھی لکھا گیا۔گاندھی کی باقیات کو لکشمن باغ واقع باپو بھون میں رکھا گیا تھا ۔ یہ عمارت 1948 میں بنائی گئی اور اس وقت سے ہی اس کو لکشمن باغ ٹرسٹ کے ذریعے محفوظ کیا گیا۔
غور طلب ہے کہ جب گزشتہ بدھ کو کانگریسی کارکن رام کرشن شرما اور پارٹی کے دیگر ممبران گاندھی کو خراج تحسین پیش کرنے باپو بھون پہنچے تو انہوں نے پایا کہ ان کی باقیات غائب ہیں اوران کے پوسٹر پر ہرے رنگ سے ‘راشٹر دروہی’لکھا ہوا ہے۔انہوں نے فوری طور پر پولیس کو مطلع کیا ۔ ان کی شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے ریوا پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف آئی پی سی کی دفعہ 153-بی ، 504 اور 505کے تحت ایف آئی آر درج کی ہے۔
ریوا پولیس سپرنٹنڈنٹ عابد خان نے بتایا کہ گرمیت سنگھ کی شکایت پر معاملہ درج کیا گیا ہے،اورمعاملے کی جانچ کی جارہی ہے۔مقامی کانگریسی رہنما گرمیت سنگھ نے دی وائر کو بتایا کہ ، گاندھی کی آئیڈیالوجی کو ایک با رپھر شرمندہ کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ضرور ان لوگوں کا کام ہے جو ناتھو رام گوڈسے کی پیروی کرتے ہیں۔ اس پاگل پن کو روکنا بہت ضروری ہے ۔ میں نے ریو ا پولیس سے گزارش کی ہے کہ وہ باپو بھون میں لگے سی سی ٹی وی فوٹیج کو چیک کریں ۔
باپو بھون کی دیکھ ریکھ کرنے والے منگل دیپ نے اس حرکت کو شرمناک بتاتے ہوئے دی وائر کو بتایا کہ ، میں نے باپو کی سالگرہ کی صبح ،سویرے بھون کا دروازہ کھولاتھا۔ جب میں رات کو 11 بجے کے آس پاس آیا تو دیکھا کہ گاندھی کی باقیات غائب ہیں اور ان کے پوسٹر کو خراب کیا گیا ہے۔واضح ہو کہ موت کے بعد مہاتما گاندھی کی باقیات کو ندی میں نہیں بہایا گیا تھا۔ ان کو الگ الگ حصوں میں بانٹ کر ملک میں بنے مختلف میوزیم میں رکھا گیا اس میں سے ایک ریو کا باپو بھون بھی ہے۔