اتر پردیش کے بلند شہر میں ایک پروگرام کے دوران مرکزی وزیر اور گوتم بدھ نگر سے ایم پی مہیش شرما نے کہا کہ جب بھگوان نے ہمیں دنیا میں بھیجا ہے تو کھانے ، کپڑے ، گھر ، روزگار اور بچوں کی تعلیم کی ذمہ داری اسی کی بنتی ہے۔
مہیش شرما، فوٹو: ٹوئٹر-@dr_maheshsharma
نئی دہلی : اتر پردیش کے گوتم بدھ نگر سے ایم پی اور مرکزی حکومت میں وزیر مملکت مہیش شرما نے ایک عوامی رابطہ مہم کے دوران کہا کہ جب بھگوان سب کی خواہشات پوری نہیں کر سکتے تو ایم پی کیسے کر سکتا ہے۔
خبررساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق، وہ بلند شہر میں سکندرآباد کے بھجن لال مندر میں ایک عوامی رابطہ مہم کے دوران بول رہے تھے ۔ انہوں نے کہا ، سب سے بڑا بے وقوف بھگوان ہے ۔ جب بھگوان نے ہمیں دینا میں بھیجا ہے تو کھانے ، کپڑے ، گھر ، روزگار اور ہمارے بچوں کی تعلیم کی ذمہ داری اسی کی بنتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ، مشرقی اتر پردش کے بلیا سمیت دوسرے اضلاع میں آج بھی لوگوں کو خاطر خواہ غذا نہیں ملتی ۔ جب بچے اسکول جاتے ہیں تو وہ مڈ ڈے مل سے اپنا پیٹ بھرتے ہیں اور باقی بھوکے رہتے ہیں ۔ جب بھگوان ، جس نے ہمیں بنایا ، وہ ہماری خواہشات پوری نہیں کر سکتا تو ایک ایم پی کیسے کر سکتا ہے ؟
امر اجالا کی ایک خبر کے مطابق، انہوں نے کارکنوں اور اپنے حمایتیوں سے یہ بھی کہا کہ یہ شکوے ، شکایت اور مطالبے کا وقت نہیں ہے ، اب صرف انتخاب میں جیت دلانے کے لیے متحد ہوجائیں۔انہوں نے کارکنوں کو عوام کے سوالوں کے جواب میں سرکار کے منصوبوں کے بارے میں بتانے کا مشورہ دیا اور مودی حکومت کی حصولیابی کو گھر گھر پہنچانے کی اپیل کی ۔ ان کے بیان پر تنازعہ ہونے کے بعد بی جے پی ضلع صدر ہمانشو متل نے کہا کہ میٹنگ میں وزیر کارکنوں کو سمجھا رہے تھے ۔ ان کی بات کو توڑ مروڑ کر پیش کیا جارہا ہے۔
مہیش شرما اتر پردیش کے گوتم بندھ نگر سے ایم پی ہیں ۔ ان کے اس بیان کا مبینہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے ۔دریں اثنا میش شرما کے اس متنازعہ بیان کے بعد کانگریس نے مرکزی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے ۔ کانگریس نے سنیچر کو مہیش شرما کے بیان اور
بی ایس این ایل ملازموں کو وقت پر تنخواہ نہیں ملنے کو لے کر وزیر اعظم مودی کو تنقید کا نشانہ بنایا اور الزام لگایا کہ ‘ جھوٹے وکاس ‘ کے بعد اب بھگوان کو گالی دی جارہی ہے۔
پارٹی کے ترجمان رندیپ سرجے والا نے ٹوئٹ کرکے کہا کہ ، مودی کے نئے اقتصادی نظام میں لٹیروں کو مزے لینے کی کھلی چھوٹ ہے جبکہ محنت کرنے والے ہندوستانی شہریوں کو اپنی تنخواہ کے لیے جد و جہد کرنی پڑتی ہے۔انہوں نے بی جے پی رہنما مہیش شرما کے مبینہ بیان کو لے کر کہا کہ ، مودی کے نیو انڈیا کی حقیقت : کھوٹی نیت ، جھوٹا وکاس! نا روزگار ، نا وقت پر تنخواہ۔ اب جملے بازوں کو کرو باہر ! واہ مودی جی ! اب بھگوان کو گالی !
سرجے والا نے کہا ، جب کام اور جواب دہی کی باری آئی تو آپ کے مرکزی وزیر مہیش شرما نے اب بھگوان کو ہی بے وقوف بتا ڈالا کیوں روٹی روزگار کی ذمہ داری تو بھگوان کی ہے اور اقتدار کا مزہ لینے کا حق بھاجپائیوں کا ! شرم کرو۔
(خبررساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)