ہندو سینا نے بابر روڈ سائن بورڈ کو کیا سیاہ، کہا؛ یہ دیش شری رام، شری کرشن کا ہے بابر جیسے ظالم کا نہیں

08:14 PM Sep 14, 2019 | دی وائر اسٹاف

ہندو سینا نے بابر کو غیر ملکی حملہ آور بتلاتے ہوئے سرکار سے مانگ کی کہ بابر روڈ کا نام بدل کر ہندوستان کے کسی مہاپرش کے نام پر  رکھا جائے ۔

فوٹو: اے این آئی

نئی دہلی: سینٹرل دہلی کے بنگالی مارکیٹ کے پاس بابر روڈ پر رائٹ ونگ تنظیم ہندو سینا کے لوگوں نے سنیچر کی صبح اس بورڈ کو کالا کر دیا، جس پر بابر روڈ لکھا ہوا تھا۔ہندو سینا نے ڈائریکشن بورڈ کو کالا کرنے کی پیچھے کی وجہ بھی بتائی۔ انہوں نے بابر کو غیر ملکی حملہ آور بتلاتے ہوئے سرکار سے مانگ کی کہ بابر روڈ کا نام بدل کر ہندوستان کے کسی مہاپرش کے نام پر اس  روڈ کا نام رکھا جائے ۔

 اس کے ساتھ ہی ہندو سینا کے لوگوں نے بابر کو ظالم بھی بتایا۔ہندو سینا کے ذریعے دیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ’غیر ملکی حملہ آور بابر روڈ کا نام بدل کر ہندوستان کے کسی مہاپرش کے نام کیا جائے۔ یہ ملک شری رام، شری کرشن، مہرشی والمیکی اور  سنت روی داس کا ہے، بابر جیسے ظالم کا نہیں ہے۔

پی ٹی آئی کے مطابق؛ہندو سینا کے صدروشنو گپتا نے کہا کہ ہم نے این ڈی ایم سی کے ذریعے لگائے گئےبورڈ کو سیاہ کر دیا ہے۔اس سے پہلے ہندوسینا نے وزارت داخلہ سے مطالبہ کیا تھا کہ پورے ہندوستان میں دہشت گردانہ حملے سے بچنے کے لیے نقاب پر پابندی لگائی جانی چاہیے۔

نوبھارت ٹائمس کی خبر کے مطابق؛سائن بورڈ پر کالکھ پوتنے کے ساتھ ہی ہندو سینا سے جڑے لوگوں نے اس پر اپنے اسٹیکر بھی چپکائے ہیں۔قابل ذکر ہے کہ 2015 میں بی جے پی حکومت نے اورنگ زیب روڈ کا نام بدل کر اے پی جے عبدالکلام کر دیا تھا۔

(خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے ان پٹ کے ساتھ)