غیر سرکاری تنظیم سی پی آئی ایل نے گزشتہ مہینے عدالت میں عرضی دائر کرکے کورٹ کی نگرانی میں اس قتل معاملے کی جانچ کرانے کی گزارش کی تھی۔ عرضی میں کہا گیا ہے کہ سامنے آئی کچھ نئی جانکاریاں ، ڈی جی ونجارہ سمیت کچھ آئی پی ایس افسروں کے پانڈیا کے قتل کی سازش میں شامل ہونے کےامکانات کی طرف اشارہ کرتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ہرین پانڈیا قتل معاملہ : شروعاتی جانچ کرنے والے پولیس افسر اس کی دوبارہ تفتیش کیوں چاہتے ہیں؟
واضح ہو کہ پانڈیا کا 26 مارچ 2003 کو احمد آباد میں گولی مار کر قتل کر دیا گیا تھا۔ وہ گجرات کی اس وقت کی نریندر مودی حکومت میں وزیر داخلہ تھے۔ غیر سرکاری تنظیم سی پی آئی ایل(سینٹر فار پبلک انٹریسٹ لٹیگیشن )کے ذریعے دائر عرضی میں کہا گیا ہے کہ معاملے میں نئے سرے سے جانچ کی ضرورت ہے کیوں کہ حال میں کچھ چونکانے والی جانکاریاں سامنے آئی ہیں، جن پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ سی بی آئی کی ایک اسپیشل کورٹ نےسہراب الدین شیخ انکاؤنٹر معاملے میں 21 دسمبر، 2018 کو ثبوتوں کی کمی کی وجہ سے تمام 22 ملزمین کو بری کر دیا تھا۔اس سے پہلے اس نے اس معاملے کے دوسرے ملزمین کو الزامات سے آزاد کر دیا تھا۔ہرین پانڈیا معاملے میں سی بی آئی نے 15 لوگوں کو ملزم بنایا تھا۔ ان میں سے 12 ملزمین کو ایک ٹرائل کورٹ نے 25 جون 2007 کو مجرم ٹھہرایا تھا۔ لیکن اگست 2011 میں ثبوتوں کی کمی کی وجہ سے گجرات ہائی کورٹ نے سبھی ملزمین کو بری کر دیا تھا۔ سی پی آئی ایل نے اپنی عرضی میں اس بات کی طرف توجہ دلائی ہے کہ ملزمین کو بری کرتے ہوئے ہائی کورٹ نے جانچ کی تنقید کی تھی۔ عرضی میں دلیل دی گئی ہے کہ ہائی کورٹ نے کہا تھا،’ موجودہ معاملے کے ریکارڈوں سے یہ صاف پتا چلتا ہے کہ شری ہرین پانڈیا کے قتل کے معاملے کی جانچ کو قدم قدم پر کمزور کیا گیا، آنکھوں پر پٹی باندھ لی گئی اور کئی سوالوں کو بغیرجواب کے چھوڑ دیا گیا۔ متعلقہ جانچ کرنے والے افسروں کو ان کی ناکامی / نااہلی کے لئے جواب دہ ٹھہرایا جانا چاہیے، جس کا نتیجہ ناانصافی، کئی متعلقہ اشخاص پر سخت ظلم و ستم اور عوامی وسائل اور عدالتوں کے وقت کی بہت بڑی بربادی کے طور پر نکلا ہے۔’ بتا دیں کہ پانڈیا معاملے میں ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سی بی آئی کی اپیل سپریم کورٹ میں زیر التوا ہے۔ (خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ) The post ہرین پانڈیا قتل معاملہ: سپریم کورٹ از سر نو جانچ کے لیے عرضی پر 11 فروری کو کرے گا شنوائی appeared first on The Wire - Urdu.