مرکزی وزیر پرکاش جاویڈکر نے کہا کہ کچھ ایئرلائنوں نے خود سے ہی چار مئی سے بکنگ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس بارے میں انہوں نے سول ایوی ایشن منسٹرہردیپ سنگھ پوری سے بات کی ہے، جنہوں نے صاف کیا کہ سرکار نے ابھی ایسا کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔
پرکاش جاویڈکر/ فوٹو: پی ٹی آئی
نئی دہلی: مرکزی وزیر پرکاش جاویڈکر کا کہنا ہے کہ مرکزی حکومت نے ریل یا ایئر لائنس سروس بحال کرنے کا ابھی کوئی فیصلہ نہیں لیا اور اس موضوع پر ابھی کسی طرح کی چرچہ کرنے کا کوئی مطلب نہیں ہے۔یہ پوچھے جانے پر کہ کیا سرکار نے ریل یا ایئر لائنس سروس شروع کرنے کے بارے میں کوئی وقت طے کیا ہے؟ اس پر جاویڈکر نے بتایا،‘یہ خدمات ایک نہ ایک دن بحال ہوں گی لیکن کس دن ہوں گی، اس کے بارے میں ابھی کچھ کہا نہیں جا سکتا۔ اس پر ابھی چرچہ کرنے کا کوئی مطلب نہیں ہے کیونکہ ہم ہردن دنیا کی صورتحال کا جائزہ لےرہے ہیں اور روز کچھ نہ کچھ نئے سبق مل رہے ہیں۔’
جاویڈکر نے بتایا کہ کچھ ایئرلائنوں نے خود سے ہی چار مئی سے بکنگ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس بارے میں انہوں نے سول ایوی ایشن منسٹرہردیپ سنگھ پوری سے بات کی ہے، جنہوں نے صاف کیا کہ سرکار نے ابھی ایسا کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔
انہوں نے کہا، ‘اس بارے میں حتمی فیصلہ سرکار کرےگی۔ اس لیےکسی طرح کی قیاس آرائی صحیح نہیں ہے۔’
معلوم ہو کہ کو رونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لئے سرکار نے 25 مارچ سے 14 اپریل تک جاری لاک ڈاؤن کو آگے بڑھاتے ہوئے اس کو تین مئی تک کر دیا ہے۔اس دوران ملک میں سبھی طرح کے پبلک ٹرانسپورٹ، ریل اور ہوائی خدمات پر پابندی ہے۔
بہرحال، کچھ ایوی ایشن کمپنیوں نے چار مئی سے چنندہ گھریلواڑانوں کی بکنگ شروع کرنے کا
اعلان کیا تھا۔
اس پر ایوی ایشن منسٹر ہردیپ سنگھ پوری نے سنیچر کو کہا تھا کہ ایئرلائنوں کو صلاح دی جاتی ہے کہ وہ گھریلو اور غیر ملکی اڑانوں کےشروع کرنے پر سرکار کے فیصلہ لینے کے بعد ہی ٹکٹوں کی بکنگ شروع کریں۔پوری نے ٹوئٹ کرکے کہا تھا، ‘وزارت نے صاف کیا ہے کہ گھریلو یا غیر ملکی اڑانوں کے شروع کرنے کے لیے ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں لیا گیا ہے۔’
بتا دیں کہ ایک دن پہلے ایئر انڈیا نے کہا تھا کہ وہ چنندہ گھریلو اڑانوں کے لیے چار مئی سے اور ایک جون سے غیر ملکی اڑانوں کے لئے بکنگ کرےگی۔سرکار کی طرف سے جاری اس وضاحت کے بعد ایئر انڈیا نے اپنی ویب سائٹ کے ہوم پیج سے اس اعلان کو ہٹا دیا ہے۔
کو رونا وائرس وباکےکمیونٹی پھیلاؤ کو روکنے کے لیے مرکزی حکومت نے 25 مارچ کو 21 دن کے لاک ڈاؤن کا اعلان کیا تھا جس کو 19 دن اور بڑھاکر تین مئی تک کر دیا گیا۔اس دوران ملک میں سبھی طرح کے پبلک ٹرانسپورٹ، ریل اور ہوائی خدمات پر پابندی ہے۔ صرف ضروری اور ایمرجنسی خدمات کی آمدورفت کو ہی اس دوران اجازت ہے۔
(خبررساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)