گزشتہ جمعرات کو بھی جہان آباد کے اروال موڑ کے پاس جب مورتیاں وسرجن کے لیے لے جائی جارہی تھیں تب جلوس پر پتھر پھینکا گیا تھا۔ اس بعد ہوئے تشدد میں 14 لوگ زخمی ہوگئے تھے ۔
نئی دہلی : بہارکےجہان آبادمیں جمعہ کوفرقہ وارانہ تشدد کےتازہ معاملے میں ایک شخص کی موت ہو گئی ہے، جبکہ ایک سکیورٹی اہلکار سمیت تین لوگ زخمی ہیں۔ یہاں جمعرات کو درگا وسرجن کے دوران دو کمیونٹی کے بیچ جھڑپ ہوئی تھی۔ضلع مجسٹریٹ نوین کمار نے جمعہ کو ہوئے تشدد میں ایک شخص کی موت اور تین لوگوں کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جکارگنج کے باشندوں نے جمعہ صبح کو گئورکشمی کالونی میں وشنو یادو اور بٹو کمار پر حملہ کیا۔ وشنو کمار کی موت ہو گئی جبکہ بٹو کے پیر میں گولی لگی۔ بٹو کا علاج چل رہا ہے۔ضلع مجسٹریٹ نے کہا، ‘ہم نے جکارگنج کے 12 لوگوں کو گرفتار کیا ہے اور ان کے گھروں سے کئی تلوار ضبط کئے گئے ہیں۔’
انہوں نے کہا، ‘گولیاں چلانے کے بعد حملہ آوروں نے موقع پر پہنچے سکیورٹی اہلکاروں پر پتھر پھینکے۔اس معاملے میں ریپڈ ایکشن فورس کا ایک کمانڈو اور ایک مقامی زخمی ہوگیا۔ ان کا ہاسپٹل میں علاج چل رہا ہے۔’انہوں نے کہا کہ حالات کشیدہ ہیں لیکن قابو میں ہیں۔
پٹنہ میں پی ٹی آئی بھاشا سے ڈی جی پی گپتیشور پانڈے نے ایک شخص کی موت اورصرف ایک شخص کو گولی لگنے کی تصدیق کی ہے۔ انہوں نے اس کے لیے شر پسند عناصروں کے بیچ جھڑپ کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے جس کے بعد ایک فریق نے گولی چلا دی۔ڈی جی پی نے کہا کہ حالات پرجمعرات کو ہی قابو پا لیا گیاتھا۔ مورتیوں کا وسرجن بھی دیر شام ہوا۔
جمعرات کو جب اروال موڑ کے نزدیک مورتیاں وسرجن کے لیے لے جائی جا رہی تھیں تب جلوس پر پتھر پھینکا گیا تھا۔ عقیدت مندوں نے اس کے لیے وہاں کھڑے دوسری کمیونٹی کے لوگوں کو ذمہ دار ٹھہرایا تھا، جس کے بعد دونوں طرف سے بھاری پتھراؤہوا وراس میں 14 لوگ زخمی ہو گئے تھے۔انہوں نے بتایا کہ شر پسند بھیڑ نے علاقے کی کئی دکانوں میں آگ لگا دی تھی۔ سی آر پی سی کی دفعہ 144لگائی گئی ہے اور بھاری تعداد میں سکیورٹی اہلکار تعینات کئے گئے ہیں ۔ ضلع مجسٹریٹ اور ایس پی نے علاقے میں ڈیرا ڈالا، تب جاکر حالات قابو میں آئے ہیں۔
دینک بھاسکر کی رپورٹ کے مطابق، جمعہ کو کئی علاقوں میں تشدد کے واقعات ہوئے ۔ جہان آباد کے پیاری محلہ، ٹھاکر باڑی ، امبیڈکر نگر، پنچ محلہ اور محلہ چک میں بھی ماحول کشیدہ ہیں ۔ انتظامیہ کے ساتھ ریپڈ ایکشن فورس کی ٹیم شہر میں گشت کر رہی ہے۔ پورا شہر چھاؤنی میں تبدیل کر دیا گیا۔پولیس نے لوگوں سے افواہوں پر دھیان نہیں دینے کی اپیل کی ہے۔ ساتھ ہی لوگوں سے ضروری کام پڑنے پر ہی گھر سے نکلنے کو کہا ہے۔ ڈی ایم اور ایس پی بھی شہر میں گھوم گھوم کر کا جائزہ لے رہےہیں۔ احتیاط کے طو ر انٹرنیٹ خدمات بند کر دی گئی ہیں۔
(خبررساں ایجنسی بھاشاکے ان پٹ کے ساتھ)