وزیر اعظم مودی نے جمعہ کو اتر پردیش کی وارانسی لوک سبھا سیٹ سےاپنا پرچہ داخل کر دیاہے۔
نئی دہلی:وزیر اعظم نریندر مودی جمعرات کو اپنے پارلیامانی حلقے وارانسی پہنچے۔یہاں انھوں نے روڈ شو کیا۔اس کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اٹل بہاری واجپائی حکومت میں وزیر خزانہ رہےیشونت سنہا نے پی ایم مودی کی ریلی میں آئے لوگوں کا موازنہ ہٹلر کے لیے جمع ہونے والی بھیڑ سے کرتے ہوئے کہا ،’وارانسی میں مودی کا بڑا روڈ شو آج مجھے اس بھیڑ کی یاد دلاتا ہے جو نازی جرمنی میں ہٹلر کے لیے اکٹھا ہوا کرتی تھی۔’
غور طلب ہے کہ وزیر اعظم مودی نے اپنے پارلیامانی حلقے وارانسی سے پرچہ نامزدگی داخل کرنے سے ایک دن پہلے جمعرات کو روڈ شو کیا جس میں بھاری تعداد میں بھیڑ جمع ہوئی۔ اس پروگرام کا خاتمہ دشاشو میگھ گھاٹ پر گنگا آرتی سے ہوا، جس میں مودی نے بی جے پی صدر امت شاہ کے ساتھ حصہ لیا۔مودی کے اس پروگرام میں اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ سمیت بی جے پی کے کئی سینئر رہنما موجود تھے۔
مودی نے بی ایچ یو کے بانی مدن موہن مالویہ کے مجسمہ کو مالا پہنا کر اپنا 7 کیلو میٹر لمبا روڈ شو شروع کیا۔ تقریباً 4 گھنٹے تک چلے اس روڈ شو کا خاتمہ دشاشو میگھ گھاٹ پر ہوا۔جہاں مودی نے بی جے پی صدر امت شاہ کے ساتھ گنگا آرتی میں حصہ لیا۔
وزیر اعظم مودی نے جمعہ کو اتر پردیش کی وارانسی لوک سبھا سیٹ سےاپنا پرچہ نامزدگی داخل کر دیا۔مودی صبح 11 بج کر 40 منٹ پر کلکٹریٹ بھون پہنچے اور اپنا پرچہ نامزدگی پیش کیا۔واضح ہو کہ کانگریس کی طرف سے وارانسی سیٹ پر
اجئے رائے کو امیدوار بنایا گیا ہے۔جبکہ ایس پی-بی ایس پی اتحاد نے شالنی یادو کو یہاں سے انتخابی میدان میں اتارا ہے۔
غور طلب ہے کہ لوک سبھا انتخابات2019 کے 3 مرحلے کی ووٹنگ ہو چکی ہے۔اگلے یعنی چوتھے مرحلے کی ووٹنگ 29 اپریل کو ہوگی۔
(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)