لوک سبھا انتخاب کے دوران محکمہ انکم ٹیکس کی چھاپےماری کی سابق وزیرائے اعلیٰ سدھارمیا اور کمار سوامی کے ساتھ اس وقت کے کانگریس جے ڈی ایس گٹھ بندھن کے ایم پی اور ایم ایل نے مخالفت کی تھی۔ عدالت نے پولیس کو مجرمانہ سازش رچنے اور حکومت ہند کے خلاف جنگ چھیڑنے کی کوشش کرنے کے لیے معاملہ درج کرنے کی ہدایت دی تھی۔
نئی دہلی : کرناٹک پولیس نے ریاست کے دوسابق وزرائے اعلیٰ سدھارمیا اور ایچ ڈی کمار سوامی کے خلاف سیڈیشن کا معاملہ درج کیا ہے۔ دونوں سابق وزرائے اعلیٰ کے علاوہ بنگلور کے اس وقت کے پویس کمشنرٹی سنیل کمار، ان کے ماتحت پولیس اہلکاروں اور کانگریس-جے ڈی ایس کے کچھ رہنماؤں کے خلاف سیڈیشن کا معاملہ درج کیا ہے۔یہ معاملہ لوک سبھا انتخاب کے دوران کی گئی انکم ٹیکس کی چھاپے ماری کی مخالفت کرنے کے لیے درج کیا گیا ہے۔
ملیکا ارجن نام کے ایک سماجی کارکن نے الزام لگایا تھا کہ ریاست کے اس وقت کے وزیر اعلیٰ کمار سوامی نے جے ڈی ایس اور کانگریسی رہنماؤں کی رہائش اور دفتروں پر ہونے والی محکمہ انکم ٹیکس کی چھاپےماری سے پہلے ہی اس کی جانکاری لیک کر دی تھی۔کانگریس اور جے ڈی ایس رہنماؤں کی رہائش پرانکم ٹیکس کی چھاپےماری کی مخالفت میں بنگلورمحکمہ انکم ٹیکس کے دفتر کے پاس اس وقت کے وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی سمیت دوسرے رہنماؤں نے احتجاج کیا تھا۔
انڈیا ٹو ڈےکی رپورٹ کے مطابق، گزشتہ27 مارچ کو کمار سوامی کے علاوہ اس وقت کے نائب وزیر اعلیٰ جی پرمیشور، سابق وزیر اعلیٰ سدھارمیا، کانگریس جے ڈی ایس گٹھ بندھن سرکار کے وزیر، ایم پی اور اس وقت کی مقتدرپاٹی کے ایم ایل اے نے 27 مارچ کو بنگلور کے کوینس روڈ واقع محکمہ انکم ٹیکس کے سامنے مظاہرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ محکمہ کی چھاپےماری واضح طور پر انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔اس دوران کمار سوامی نے میڈیا سے کہا تھا کہ چھاپےماری کی جا سکتی ہے کیونکہ بڑی تعداد میں سی آر پی ایف قومی ہوائی اڈےکے آئی اےپر پہنچ چکے ہیں۔
ملیکاارجن کی شکایت پر عدالت نے پولیس کو مجرمانہ سازش رچنے اور حکومت ہند کے خلاف جنگ چھیڑنے کی کوشش کرنے کے لیےآئی پی سی کی مختلف دفعات کے تحت معاملہ درج کرنے کی ہدایت دی تھی۔اس کے ساتھ ہی جن حکام کے خلاف معاملہ درج کیا گیا ہے، ان میں ریاست کے اس وقت کے وزیر اعلیٰ جی پرمیشور، ڈی کے شیوکمار،ریاستی کانگریس صدردنیش گنڈو راؤ، اس وقت کے پولیس ڈپٹی کمشنر راہل کمار اور ڈی دیوراجو کے علاوہ سبھی الیکشن افسر شامل ہیں۔
سیڈیشن کے الزامات پرردعمل دیتے ہوئے ڈی کے شیوکمار نے کہا کہ سبھی معاملے سیاست سے متاثر ہیں اور وہ سیاسی طریقے سے ہی ان کا جواب دیں گے۔ شیوکمار نے کہا، ‘ہم محکمہ انکم ٹیکس کے دفتر کے اندر نہیں گئے تھے۔ ہم 150 میٹر دور کھڑے ہوکر نعرےبازی کر رہے تھے۔’
(خبررساں ایجنسی بھاشاکے ان پٹ کے ساتھ)