غیرملکی معاملوں کی اسٹینڈنگ پارلیامانی کمیٹی کے ذرائع نے کہا کہ فارین سکریٹری نے 26 فروری کو بالاکوٹ میں ہوئے ایئر اسٹرائک میں جیش محمد کے دہشت گردوں کے کیمپ میں مارے گئے دہشت گردوں کی تعداد کے سوالوں کا جواب دینے سے انکار کر دیا۔
نئی دہلی: غیرملکی معاملوں کی اسٹینڈنگ کمیٹی کے ممبروں نے جمعہ کو مرکزی حکومت سے کہا کہ وہ عالمی کمیونٹی کو پاکستان کے بالاکوٹ میں جیش محمد کے دہشت گردوں کے کیمپ پر ایئر اسٹرائک سے ہوئے نقصان کا ثبوت دے تاکہ ہندوستان کے ذریعے کئے گئے ایئر اسٹرائک میں مرنے والے دہشت گردوں کو لےکر عالمی میڈیا میں شکوک و شبہات کو ختم کیا جا سکے۔
د ی ہندو کی رپورٹ کے مطابق، غیرملکی معاملوں پر پارلیامنٹ کی اسٹینڈنگ کمیٹی نے یہ مشورہ تب دیا، جب خارجہ سکریٹری وجئے گوکھلے نے ان کو پلواما حملے کے بعد ہندوستان-پاکستان کے درمیان کے واقعات کے بارے میں جانکاری دی۔خارجہ سکریٹری وجئے گوکھلے اور وزارت خارجہ کے دیگر سینئر افسروں نے اس سے متعلق کمیٹی کو جانکاری دی۔ گوکھلے پاکستان کی نئی حکومت پر بولنے والے تھے لیکن یہ اجلاس وسیع طور پر پلواما حملے پر مرکوز رہا۔
یہ بھی پڑھیں: بالا کوٹ حملہ: 300 دہشت گردوں کے مارے جانے کی حقیقت کیا ہے؟
کمیٹی کے ذرائع نے کہا کہ خارجہ سکریٹری نے 26 فروری کو ہوئے ایئر اسٹرائک کے آپریشن کی جانکاری کی تفصیل دینے سے انکار کر دیا۔ انہوں نے جیش محمد کےکیمپ میں مارے گئے دہشت گردوں کی تعداد کے سوالوں کا جواب دینے سے بھی انکار کر دیا۔کمیٹی کے ممبروں نے ہندوستانی فضائیہ کی ایئرسٹرائک کی تعریف کی لیکن بین الاقوامی سطح پر ہندوستان کو مناسب کریڈٹ نہیں ملنے پر اس کی تنقید بھی کی۔
اس اجلاس میں شامل ایک حزب مخالف رہنما نے کہا، ‘ بین الاقوامی کمیونٹی کہہ رہی ہے کہ ہماری ایئرسٹرائک کا کوئی اثر نہیں رہا، کیمپ پہلے سے ہی خالی تھا اور اس حملے میں کسی کی موت نہیں ہوئی۔ وہ ہماری فوج کی بہادری کو چھپانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اس لئے ہم نے خارجہ سکریٹری کو بتایا ہے کہ اس غلط مہم کو ایئرسٹرائک سے وابستہ ثبوتوں کو وسیع سطح پر اجاگر کرنے سے ہی روکے جانے کی ضرورت ہے۔ ‘
کمیٹی نے گوکھلے سے ایئرسٹرائک کے پیچھے کی وجہ کو اجاگر کرنے اور ہندوستان میں دہشت گردی پھیلانے میں جیش محمد کے کردار کے بارے میں بتانے کو کہا ہے۔گوکھلے نے کمیٹی کو مطمئن کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی کمیونٹی کے لئے ڈپلومیٹکنظریات ابھی بھی قائم ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گوکھلے نے ہندوستان کے لئےآرگنائزیشن آف اسلامک کو آپریشن (او آئی سی) کی حمایت پر بھی بات کی۔