جمعرات کو کانگریس ایم ایل اے اور سابق وزیراعلیٰ نارائن رانے کے بیٹے نتیش رانے ممبئی گووا ہائی وے کے پاس کانکاؤلی پہنچے تھے، جہاں انجینئر ایک پل کا معائنہ کر رہے تھے۔ اس دوران راستے میں کئی جگہ گڑھے نظر آنے پر ناراض نتیش نے انجینئر کو ڈانٹا اور ان پر کیچڑ ڈالکر پل سے باندھ دیا۔
نئی دہلی: مہاراشٹر کے ممبئی میں ایک انجینئر پر کیچڑ پھینکنے کے معاملے میں پولیس نے کانگریسی ایم ایل اے نتیش رانے سمیت ان کے دو حامیوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ ان پر آئی پی سی کی کئی دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔اس معاملے میں ان کو جمعہ کو مقامی عدالت کے سامنے پیش کیا جائےگا۔ نتیش رانے بی جے پی سے راجیہ سبھا ممبر اور مہاراشٹر کے سابق وزیراعلیٰ نارائن رانے کے بیٹے ہیں۔
نارائن رانے کے خلاف سندھودرگ ضلع کے کڈال پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج ہوا تھا۔ انہوں نے جمعرات دیر شام کو سرینڈر کر دیا۔آئی پی سی کی دفعہ 353، 342، 332، 324، 323، 120 (اے)، 147، 143، 504، 506 کے تحت ان کے اور ان کے 40-50 حامیوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی، جس کے بعد پولیس نے ان کو ان کے دو حامیوں کے ساتھ گرفتار کر لیا۔
#WATCH: Congress MLA Nitesh Narayan Rane and his supporters throw mud on engineer Prakash Shedekar at a bridge near Mumbai-Goa highway in Kankavali, when they were inspecting the potholes-ridden highway. They later tied him to the bridge over the river. pic.twitter.com/B1XJZ6Yu6z
— ANI (@ANI) July 4, 2019
سندھودرگ کے ایس پی دیکشت گیڈام نے بتایا کہ کانگریس ایم ایل اے نے کانکاؤلی پولیس اسٹیشن میں سرینڈر کیا ہے۔ ان کو اور ان کے کئی حامیوں کے خلاف کئی دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔یہ پورا واقعہ ممبئی- گووا ہائی وے کے پاس کانکاؤلی علاقے کا ہے۔ یہاں انجینئر ایک پل کا جائزہ لے رہے تھے کہ تبھی وہاں نتیش رانے اپنےحامیوں سمیت معائنہ کرنے پہنچے۔ ان کو راستے میں کئی جگہ گڑھے نظر آئے، جس پر وہ بری طرح بھڑک گئے اور انجینئر کو ڈانٹنے لگے۔
اس کے بعد رانے کے حامیوں نے انجینئر پر کیچڑ پھینک دیا اور ان کو پل سے باندھ دیا۔ حالانکہ، نتیش رانے کے والد نارائن رانے نے بیٹے کی اس غلطی کے لئے معافی مانگ لی ہے۔نارائن رانے نے کہا، ‘ میں ایک سرکاری افسر پر کیچڑ پھینکنے کے اپنے بیٹے کی حرکت پر معافی مانگتا ہوں۔ یہ مخالفت (شاہراہ کی خراب حالت کے خلاف) مقامی لوگوں کے لئے تھی لیکن ان کے (نتیش) حامیوں کی طرف سے کی گئی مارپیٹ غلط ہے۔ میں اس کی حمایت نہیں کرتا ہوں۔ ‘
مہاراشٹر کے سابق وزیراعلیٰ رہے نارائن رانے نے کہا کہ ہائی وے کی دقتوں کو لےکر مظاہرہ کرنا ٹھیک ہے۔ لیکن نتیش رانے اور ان کے حامیوں کے ذریعے سرکاری ملازم کے ساتھ کیا گیا ایسا برتاؤ صحیح نہیں ہے ۔ نارائن رانے نے آگے کہا، ‘ میں اس کی حمایت نہیں کرتا۔ ‘غور طلب ہے کہ نتیش رانے کی طرف سے کسی سرکاری ملازم کے ساتھ بد سلوکی کرنے کا یہ کوئی پہلا معاملہ نہیں ہے۔ اس سے پہلے سال 2017 میں ایک میٹنگ کے دوران انہوں نے ایک سینئر سرکاری افسر کے ساتھ بد تمیزی کی تھی۔
(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)