پانچ ریاستوں میں اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان، ووٹوں کی گنتی 3 دسمبر کو ہوگی

پانچ ریاستوں میں ہونے والے انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کرتے ہوئے الیکشن کمیشن نے بتایا کہ ووٹنگ 7 نومبر سے شروع ہوگی۔ چھتیس گڑھ میں انتخابات دو مرحلوں میں 7 اور 17 نومبر کو ہوں گے، جبکہ میزورم میں 7 نومبر، مدھیہ پردیش میں 17 نومبر، راجستھان میں 23 نومبر اور تلنگانہ میں 30 نومبر کو انتخابات ہوں گے۔

پانچ ریاستوں میں ہونے والے انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کرتے ہوئے الیکشن کمیشن نے بتایا کہ ووٹنگ 7 نومبر سے شروع ہوگی۔ چھتیس گڑھ میں انتخابات دو مرحلوں میں 7 اور 17 نومبر کو ہوں گے، جبکہ میزورم میں 7 نومبر، مدھیہ پردیش میں 17 نومبر، راجستھان میں 23 نومبر اور تلنگانہ میں 30 نومبر کو انتخابات ہوں گے۔

(علامتی تصویر: پی ٹی آئی)

(علامتی تصویر: پی ٹی آئی)

نئی دہلی: الیکشن کمیشن نے سوموار (9 اکتوبر) کو مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ، راجستھان، تلنگانہ اور میزورم میں اسمبلی انتخابات کے شیڈول کا اعلان کیا۔

انتخابات 7 نومبر کو شروع ہوں گے اور تمام ریاستوں میں ووٹوں کی گنتی 3 دسمبر کو ہوگی۔

ہندوستان ٹائمز کے مطابق، چھتیس گڑھ میں انتخابات دو مرحلوں میں ہوں گے۔ پہلا مرحلہ 7 نومبر کو مکمل ہوگا۔ دوسرے مرحلے میں 17 نومبر کو ووٹنگ ہوگی۔

چھتیس گڑھ کو چھوڑ کر باقی تمام ریاستوں میں ایک ہی مرحلے میں انتخابات ہونے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے اعلان کے مطابق، میزورم میں 7 نومبر کو ووٹنگ ہوگی۔ مدھیہ پردیش میں 17 نومبر، راجستھان میں 23 نومبر اور تلنگانہ میں 30 نومبر کو ووٹنگ ہونی ہے۔

الیکشن کمیشن نے اعلان کیا ہے کہ تمام انتخابی عمل 5 دسمبر تک مکمل کر لیا جائے گا۔

Five-STates-Elections

ان پانچ ریاستوں میں 679 اسمبلی حلقے ہیں، جو کہ ملک کے کل اسمبلی حلقوں کا تقریباً چھٹا حصہ ہے۔ یہاں کل 16 کروڑ ووٹر ہیں جو کہ ملک کے کل ووٹروں کا تقریباً چھٹا حصہ ہے۔

جب پریس کانفرنس میں چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار سے ایک صحافی نے پوچھا کہ جموں و کشمیر میں انتخابات کا اعلان کب ہوگا، تو انہوں نے کہا کہ وہ (انتخابات) ‘صحیح وقت پر’ کرائے جائیں گے۔

جموں و کشمیر میں پچھلے پانچ سالوں سے کوئی منتخب حکومت نہیں ہے۔ 5 اگست، 2019 کو بی جے پی کی قیادت  والی مرکزی حکومت کی جانب سے آرٹیکل 370 کو ہٹانے کے بعد، سابقہ ریاست جموں و کشمیر کو دو مرکز کے زیر انتظام علاقوں (جموں کشمیر اور لداخ) میں تقسیم کر دیا گیا تھا۔

تاہم،  ووٹنگ کی تاریخوں کے اعلان کے ساتھ ہی ماڈل ضابطہ اخلاق نافذ ہو گیا ہے۔

بتادیں کہ شمال–مشرقی ہندوستان کی ریاست میزورم میں اس وقت میزو نیشنل فرنٹ (ایم این ایف) کی حکومت ہے اور زورامتھنگا وزیر اعلیٰ ہیں۔ ریاست میں اسمبلی کی 40 سیٹیں ہیں۔

تلنگانہ میں بھارت راشٹرا سمیتی (بی آر ایس ) کی حکومت ہے۔ چندر شیکھر راؤ چیف منسٹر ہیں۔ یہاں اسمبلی کی 119 سیٹیں ہیں۔

مدھیہ پردیش میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت میں شیوراج سنگھ چوہان وزیر اعلیٰ ہیں۔ یہاں اسمبلی کی 230 سیٹیں ہیں۔

راجستھان اور چھتیس گڑھ میں کانگریس کی حکومتیں ہیں اور اشوک گہلوت اور بھوپیش بگھیل بالترتیب وزیر اعلیٰ ہیں۔ راجستھان میں 200 اسمبلی سیٹیں اور چھتیس گڑھ میں 90 اسمبلی سیٹیں ہیں۔