آشیش جوشی نے سوموار کو دہلی کے ایم ایل اے کپل مشرا کے خلاف دہلی کے پولیس کمشنر سے شکایت کی تھی ۔ اس کے ایک دن بعد ہی جوشی کو معطل کرنے کا حکم جاری کیا گیا۔
آشیش جوشی ، فوٹو: اے این آئی
نئی دہلی : مرکزی حکومت نے منگل کو ٹیلی کام محکمہ ایک سینئر افسر کو معطل کر دیا ہے ۔ افسر کوفوری اثر سے معطل عام آدمی پارٹی کے باغی ایم ایل اے کپل مشرا کے متنازعہ ویڈیو کو لے کر دہلی کے پولیس کمشنر سے شکایت کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔
انڈین ایکسپریس کے مطابق، ٹیلی کام محکمہ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر (ایس ای اے) اوپی جئے رتھ نے ٹیلی کام محکمہ کے کنٹرولر آف کمیونی کیشن آشیش جوشی کو معطل کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔
ٹیلی کام محکمہ کے 26 فروری کے حکم کے مطابق، حاکم مقتدر(Competent authority)سینئر لیول ایڈمنسٹریشن (ایس اے جی) کے افسر آشیش جوشی کو فوری اثر سے معطل کر دیا ہے ۔وہ کنٹرولر آف کمیونی کیشن ،اتراکھنڈ میں تعینات ہیں۔اس آرڈر میں کہا گیا ہے کہ سوموار کو آشیش جوشی نے دہلی پولیس چیف امولیہ پٹنایک کو ایک خط لکھ کر کہا تھا کہ ، کپل مشرا نے سوشل میڈیا پر ایک اشتعال انگیزویڈیو شیئر کیا ہے ، جس میں وہ لوگوں کو کچھ شہریوں پر حملہ کرنے کے لیے اکسا رہے ہیں ۔ یہ ویڈیو آئی پی سی اور آئی ٹی ایکٹ کی خلاف ورزی ہے۔
ٹیلی کام محکمہ کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ ، جوشی کو معطل کرنے کی وجہ یہ ہے کہ انہوں نے اپنے عہدے کا غلط استعمال کیا ہے ، لوگوں کو غلط فہمی میں رکھا ہے اور ڈسپلن کے اصولوں کی خلاف ورزی کی ہے ۔ مسئلہ یہ ہے کہ انہوں نے یہ کام نجی طور پر نہیں کیا بلکہ سرکاری طور پر کیا ہے۔
ایک دوسرے افسر نے کہا کہ ، جوشی نے کپل مشرا کے بارے میں دہلی پولیس چیف کو خط لکھنے کو لے کر اپنے سینئر افسروں کو اعتماد میں نہیں لیا ۔ افسروں نے جوشی کے ذریعے اس مہینے کی شروعات میں ٹیلی کام آپریٹر کو بھیجے خط کا بھی ذکر کیا ،جس میں جوشی نے لوگوں کو گندے اور بھدے پیغام بھیجنے کے لیے ٹیلی کام نیٹ ورک کے غلط استعمال کا حوالہ دیا تھا۔
جوشی نے 19 فروری کو ٹیلی کام آپریٹروں کو جاری ہدایت میں ٹیلی کام آپریٹروں سے ان لوگوں کے خلاف کارروائی کرنے کو کہا تھا جو بیہودہ اور بھدے پیغام لوگوں کو بھیجتے ہیں ۔ ساتھ ہی ایسے صارفین کے خلاف شکایت درج کرانے کو لے کر ایک ہیلپ لائن قائم کرنے کو کہا تھا۔
اپنے خط میں جوشی نے کہا تھا کہ ، رویش کمار ، ابھیسار شرما جیسے کئی نامور لوگوں کو ان کے موبائل پر بیہودہ اور بھدے پیغام بھیجے جاتے ہیں ۔ گندے پیغام بھیجنے کے لیے اپنے نیٹ ورک کے صارفین یا سبسکرائبرس کے خلاف کارروائی کرنے کے لیے آپ کو ہدایت دی جاتی ہے ،کیوں کہ یہ صارف کی عرضی میں صارف کے اقرار نامہ کی خلاف ورزی ہے ۔ برائے مہربانی 15 دنوں کے اندر کارروائی کی رپورٹ بھیجی جائے۔
ذرائع کے مطابق، یہ خط اور کپل مشرا کو لے کر دہلی پولیس چیف کو لکھے گئے خط ہی جوشی کو معطل کرنے کی وجہ ہیں۔
غور طلب ہے کہ آشیش جوشی کے خط کا حوالہ دیتے ہوئے کپل مشرانے ٹوئٹ کیا ہے کہ ،جس کا فرضی لیٹر دکھا کر آپ سب مجھے گرفتار کروانا چاہتے تھے اس کی نوکری گئی ۔
دریں اثناآشیش جوشی نے اس متنازعہ ویڈیو کو ہٹانے کے لیے یوٹیوب کا شکریہ ادا کیا ہے۔
(خبررساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)