بہار میں اسمبلی انتخاب کے لیےووٹنگ تین مرحلوں میں 28 اکتوبر، 3 نومبر اور 7 نومبر کو ہوگی۔گنتی10نومبر کو ہوگی۔
نئی دہلی: سال 2012 کے نربھیا گینگ ریپ معاملے کی متاثرہ کے اہل خانہ کے ذریعے بنائے گئے نربھیا جیوتی ٹرسٹ نے سیاسی پارٹیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ خواتین کے خلاف جرائم کو انجام دینے والوں کو بہار اسمبلی انتخاب میں ٹکٹ نہ دیں۔
ٹرسٹ نے ایک بیان میں کہا کہ سیاسی پارٹیوں کو ووٹ بینک کی سیاست میں شامل نہ ہوکر بہار انتخاب میں بےداغ پس منظر والے امیدواروں کو ٹکٹ دینا چاہیے۔
بیان میں کہا گیا،‘ہم اپیل کرتے ہیں کہ خواتین کے خلاف جرائم کو انجام دینےوالے امیدواروں کو ٹکٹ نہ دیے جائیں۔ اگر سیاسی پارٹیاں ووٹ بینک کی سیاست کے بجائے اس بات کو دھیان میں رکھ کر ٹکٹ دیں گی، تو نہ صرف بےداغ پس منظر والے لوگ ودھان سبھا پہنچیں گے، بلکہ اس سےخواتین کے لیے احترام کا جذبہ بھی بڑھےگا۔’
خبررساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق ہاتھرس میں گینگ ریپ متاثرہ کی موت کے بعدگھروالوں کا دکھ بانٹنے پہنچ رہیں تمام پارٹیوں سے ٹرسٹ نے اپیل کی کہ وہ سنجیدگی سے سوچیں اور کسی مجرمانہ امیج والے شخص کو ایم ایل اے، ایم پی اور وزیر بننے نہ دیں۔
بیان میں کہا، ‘تمام سیاسی پارٹیاں افسوس ناک واقعہ کے بعد ہاتھرس متاثرہ کے اہل خانہ تک پہنچ رہی ہیں۔ یہ صرف سیاسی بات چیت تک محدود نہیں ہونا چاہیے۔سیاسی پارٹیوں کوسنجیدگی سےغوروفکرکرنا چاہیے کہ مجرمانہ پس منظر والے ایم ایل اے،ایم پی اور وزیرجمہوریت کے مندر تک نہ پہنچ پائیں۔’
ایسوسی ایشن فار ڈیموکریٹک رفارمس (اےڈی آر)کی حال کی ایک رپورٹ کے عدادوشمار کے مطابق، بہار میں 2005 سے اب تک ہوئے لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات میں حصہ لینے والے کل 10785 امیدواروں میں 3230 یعنی 30 فیصدی مجرمانہ اور 2204 یعنی 20 فیصدی کے خلاف سنگین جرم کے معاملے درج تھے۔
وہیں، بہار کےکل 820 ایم پی اور ایم ایل اے میں سے 469 یعنی57 فیصدی کے خلاف مجرمانہ اور 295 یعنی 36 فیصدی پر سنگین جرم کے معاملے درج تھے۔بتا دیں کہ مظفرپور شیلٹرہوم معاملے میں جیل جا چکیں منجو ورما کو نتیش کمار کی قیادت والی پارٹی جے ڈی یو نے بیگوسرائے ضلع سے امیدوار بنایا ہے۔
بہار میں اسمبلی انتخاب کے لیےووٹنگ تین مرحلوں میں 28 اکتوبر، 3 نومبر اور 7 نومبر کو ہوگی۔گنتی 10 نومبر کو ہوگی۔
(خبررساں ایجنسی بھاشاکے ان پٹ کے ساتھ)