جموں و کشمیر : انڈین ایئر فورس کا جنگی طیارہ حادثے کا شکار، 2 لوگوں کی موت

04:35 PM Feb 27, 2019 | دی وائر اسٹاف

انڈین ایئر فورس کا ایم آئی -17 طیارہ آگ لگنے کے بعد بڈگام کے گاریند کلاں گاؤں کے پاس گرا ۔ پاکستان نے کہا اس میں ہمارا ہاتھ نہیں ہے۔

فوٹو: پی ٹی آئی

نئی دہلی: جموں وکشمیر کے بڈگام ضلع میں بدھ کو انڈین ایئر فورس (آئی اے ایف) کا ایک ایم آئی -17 طیارہ حادثے کا شکارہو گیا ہے ۔ اس میں پائلٹ اور ساتھی پائلٹ کے مارے جانے کی اطلاع ہے۔

خبررساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق، بڈگام کے ایس ایس پی نے بتایا ، کوئی طیارہ گرا ہے، فی الحال ہم کچھ بھی یقینی طور پر بتانے کی حالت میں نہیں ہیں ۔ تکنیکی ٹیم یہاں ہے ۔ وہ حقائق کا پتہ لگائے گی ۔ ہمیں ابھی تک دو لاشیں ملی ہیں اور ہم نے ان کو باہر نکال لیا ہے ۔ کھوج بین جاری ہے۔

افسروں نے بتایا کہ کہ آئی اے ایف کا یہ طیارہ بڈگام کے گاریند کلاں گاؤں کے پاس کھلے میدان میں صبح 10 بجکر 5 منٹ پر حادثے کا شکار ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ طیارہ دو حصوں میں ٹوٹ گیا ہے اور اس میں فوراً آگ لگ گئی ۔

مرنے والوں کی پہچان کی فوری طور پر تصدیق نہیں کی جاسکی ہے ۔ سوشل میڈیا پر شیئر کیے جارہے جائے وقوع کے ویڈیو  میں وہاں سے اٹھتا دھواں دیکھا جا سکتا ہے۔ اس سے پہلے بدھ کی صبح پاکستان کی جانب سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ انہوں نے لائن آف کنٹرول کے پار بم گرائے ہیں جس میں 2 ہندوستانی طیاروں کو گرایا گیا ہے ۔ ان خبروں کو بڈگام میں گرے طیارے سے جوڑ کر دیکھا جارہا تھا۔

حالاں کہ اس بارے میں پاکستانی فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ ایسا نہیں ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ہندوستان مقبوضہ کشمیر کے بڈگام میں ہندوستانی طیارے کے حادثے کی خبر ہے ۔ ہمارا اس میں کوئی ہاتھ نہیں ہے۔

(خبررساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)