ایک آدیواسی خاتون کی شکایت پر خاتون فاریسٹ آفیسر اور 15 دیگر ملازمین کے خلاف معاملہ درج ہوا ہے۔ خاتون کا الزام ہے کہ فاریسٹ آفیسر اور ان کے ساتھ آئے ملازمین نے ان سے گالی گلوج کی اور جوتوں سے مارا۔
نئی دہلی: تلنگانہ کے کومرام بھیم آصف آباد ضلع کے ایک گاؤں میں زمین تنازعے کو لےکر کچھ لوگوں کے حملے کا شکار ہوئی خاتون فاریسٹ آفیسر کے خلاف ایس سی ایس ٹی ایکٹ کے تحت معاملہ درج کیا گیا ہے۔اس سلسلے میں تلنگانہ راشٹر سمیتی (ٹی آر ایس) کے ایک ایم ایل اے کے بھائی کو گرفتار کیا گیا تھا۔
یہ معاملہ ایک آدیواسی خاتون کی شکایت پر درج کیا گیا۔ شکایت گزار خاتون کا الزام ہے کہ خاتون فاریسٹ آفیسر اور ان کے ساتھ آئے ملازمین نے واقعہ کے دن کھیتوں میں ان کے کام کاج کے دوران ان سے گالی-گلوج کی تھی۔پولیس نے بتایا کہ فاریسٹ آفیسر سی انیتا اور 15 دیگر کے خلاف ایس سی ایس ٹی ایکٹ کے تحت سنیچر کو معاملہ درج کیا گیا۔
کاغذنگر کے ڈی ایس پی ستیہ نارائن نے کہا کہ کومرم بھیم آصف آباد ضلع کے سرسلا گاؤں کی آدیواسی خاتون سروجا کی شکایت پر مقدمہ درج کیا گیا۔شکایت گزار نے کہا، ‘ ہم جب کھیتوں میں کام کر رہے تھے تو وہ وہاں آئے۔ وہ ہماری زمین جوتنا چاہ رہے تھے، جس پر ہم نے اعتراض کیا۔ ہمارے ساتھ گالی گلوج کی گئی اور جب ہم ڈرکے کھیتوں سے بھاگ رہے تھے تو ہمیں جوتوں سے مارا گیا۔ انہوں نے ہمارے خلاف ذات سے متعلق تبصرے کیے۔ ‘
#WATCH Telangana: A police team & forest guards were attacked allegedly by Telangana Rashtra Samithi workers in Sirpur Kagaznagar block of Komaram Bheem Asifabad district, during a tree plantation drive. (29.06.2019) pic.twitter.com/pZ0H3Qg2Ud
— ANI (@ANI) June 30, 2019
غور طلب ہے کہ ریاست میں حکمراں ٹی آر ایس کے ایک ایم ایل اے کے بھائی کی مبینہ رہنمائی میں کچھ لوگوں نے 30 جون کو انیتا پر حملہ کیا تھا، جس میں وہ زخمی ہو گئی تھیں۔ ان کو ہاسپٹل میں بھرتی کرانا پڑا تھا۔ ان کو بعد میں ہاسپٹل سے چھٹی دے دی گئی تھی۔اس سلسلے میں تلنگانا راشٹر سمیتی (ٹی آر ایس) کے ایک ایم ایل اے کونور کنپا کے بھائی کونیرو کرشن کو گرفتار کیا گیا تھا۔
واضح ہو کہ حکومت کی ‘ ہرِت حرم ‘ اسکیم کے تحت انیتا سارسالا گاؤں میں پودے لگانے گئی تھیں۔ اس دوران کونیرو کرشن کی قیادت میں گاؤں کے کچھ لوگوں نے زمین پر اپنا مالکانہ حق ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے ان پر لاٹھیوں سے حملہ کر دیا تھا۔انیتا نے اس حملے کے بعد خود کی جان کو خطرہ بتایا تھا اور پولیس سکیورٹی کی مانگ کی تھی۔
اس واقعہ کے وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ انیتا حملے سے بچنے کے لئے ٹریکٹر پر چڑھ رہی ہیں اور کرشن اور گاؤں کے دوسرے لوگ ٹریکٹر پر بھی حملہ کر رہے ہیں۔ ایک نامعلوم شخص خاتون افسر کی پٹائی کرتا ہوا بھی نظر آ رہا ہے۔
(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)