طوفان فونی کے مد نظر 11 لاکھ لوگوں کو محفوظ مقامات پرپہنچایا گیا

سائیکلون طوفان فونی کے مدنظر ساحلی ضلعوں میں ریل، سڑک اور ہوائی آمدورفت پوری طرح سے بند ۔ کسی کے ہلاک ہونے کی خبر نہیں ہے۔

سائیکلون طوفان فونی کے مدنظر ساحلی ضلعوں میں ریل، سڑک اور ہوائی آمدورفت پوری طرح سے بند ۔ کسی کے ہلاک ہونے کی خبر نہیں ہے۔

(فوٹو: بہ شکریہ اے این آئی)

(فوٹو: بہ شکریہ اے این آئی)

نئی دہلی: سائیکلون  طوفان ‘فونی’جمعہ کی  صبح پری ساحل پر پہنچا جس سے کئی علاقوں میں شدیدبارش ہو رہی ہے اور 175 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔سمندر کے کنارے بسے شہر پری کے کئی علاقے اور دیگر جگہوں میں پانی بھر گیا ہے۔ ریاست کے تمام ساحلی علاقوں میں شدید بارش ہو رہی ہے۔کئی درخت اکھڑ گئے ہیں اور بھونیشور سمیت کچھ مقامات پر بنیں جھوپڑیاں تباہ ہو گئی ہیں۔

مقامی محکمہ  موسمیات، بھونیشور کے ڈائریکٹر ایچ آر بسواس نے کہا، ‘سائیکلون صبح تقریباً آٹھ بجے پری ساحل پر پہنچا اور سائیکلون کے پہنچنے کا عمل پورا ہونے میں تقریباً تین گھنٹے کا وقت لگے‌گا۔ ‘بسواس نے بتایا کہ سائیکلون کا مرکز تقریباً28 کلومیٹر دور ہے اور وہ 30 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے بڑھ رہا ہے۔

پری اور آس پاس کے علاقوں میں 175 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے جو 200 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار پر پہنچ سکتی ہے۔ایس آر سی  بی پی سیٹھی نے بتایا کہ سائیکلون کی وجہ سے گنجام، پوری، کھوردھا اور گجپتی جیسے کئی ساحلی ضلعوں میں تیز ہوا چل رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ کم سے کم 11 ساحلی ضلعوں کے نچلے اور حساس علاقوں سے تقریباً11 لاکھ لوگوں کو محفوظ مقامات پر لے جایا گیا ہے۔ ان لوگوں کو 4000 کیمپوں میں ٹھہرایا گیا ہے جن میں سے خاص طورپر سائیکلون کے لئے بنائے گئے 880 مراکز شامل ہیں۔سیٹھی نے بتایا کہ ریاست کے کسی بھی حصے سے کسی کے ہلاک ہونے کی خبر نہیں ہے۔ حکومت کسی بھی صورت حال  سے نمٹنے کے لئے پوری طرح تیار ہے۔

انہوں نے بتایا کہ راجدھانی بھونیشور میں 140 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے ہوا چلنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق، یہ بنگال سے ہوتا ہوا بنگلہ دیش کی طرف بڑھے‌گا ایسے میں مغربی بنگال کے ساحلی علاقوں میں بھی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

دینک بھاسکر کی رپورٹ کے مطابق، ساحلی محافظ دستہ نے کہا ہے کہ سائیکلون طوفان فونی کو دیکھتے ہوئے 34 راحتی ٹیم  اور چار ساحلی محافظ بحریہ جہاز کو راحت کام کے لئے تعینات کیا گیا ہے۔ بحریہ کے ترجمان کیپٹن ڈی کے شرما نے کہا کہ بحریہ کے جہاز سہیادری، رنویر اور کدمت کو راحت سامان اور طبی ٹیم کے ساتھ تعینات کیا گیا ہے۔این ڈی آر ایف کی 28، اڑیسہ ڈزاسٹر مینجمنٹ ریپڈ ایکشن فورس کی 20 یونٹ اور فائر سیفٹی ڈپارٹمنٹ کے 525 لوگ راحت کے  کام میں لگے ہیں۔

ساحلی ضلعوں میں ریل، سڑک اور ہوائی آمدورفت پوری طرح سے بند ہے۔ جمعرات نصف شب سے بیجو پٹنایک انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر تمام اڑانیں 24 گھنٹے کے لئے روک دی گئی ہیں۔ کولکاتا ایئر پورٹ بھی جمعہ کی  رات سے سنیچر شام تک بند رہے‌گا۔جوائنٹ ٹائفون وارننگ سینٹر(جےڈبلیوٹی سی)کے مطابق، فونی طوفان گزشتہ20 سالوں میں اب تک کا سب سے خطرناک سائیکلون ثابت ہو سکتا ہے۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشاکے ان پٹ کے ساتھ)